الخدمت آرفن فیملی سپورٹ بورڈ کا ششماہی اجلاس راولپنڈی میں منعقد ہوا

 Meeting

Meeting

راولپنڈی : الخدمت فاؤنڈیشن آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے بورڈ کا ششماہی اجلاس راولپنڈی آفس میں منعقد ہواجس کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے کی۔اجلاس میں الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کی گزشتہ 6ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی اور عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا ۔

علاوہ ازیں آئندہ 6ماہ کے حوالے سے منصوبہ بندی بھی پیش کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت ملک بھر کے 10180 یتیم بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کی جارہی ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن یتیم بچوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ یتیم بچوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھی سنجیدہ ہے ۔ والد کی شفقت سے محروم ایسے مستحق بچے جواپنی والدہ یا کسی اور سرپرست کے پاس رہ رہے ہیں الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت ان کی تعلیم،خوراک ، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات مہیا کی جارہی ہیں۔

یتیم بچوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے جس کے لئے ملک بھر میں مثالی تربیتی مراکز (ماڈل سٹڈی سنٹرز) قائم کئے گئے ہیں ۔اس کے علاوہ ان کے سرپرست کے لئے بھی مرحلہ وار خصوصی تربیتی لیکچرز کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ بچے کو گھر میں بھی بہتر تربیت اور ماحول میسر ہو۔

اجلاس میں نیشنل ڈائریکٹرالخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام بریگیڈیئر(ر) عبدالجباربٹ، جنرل منیجرپروگرامز سفیان احمد خان،سینئر منیجر آرفن فیملی سپورٹ پروگرام یاسر الطاف سمیت تمام مرکزی و ریجنل ذمہ دارا ن نے شرکت کی۔ بریگیڈیئر(ر) عبدالجبار نے کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ51 ریجنل کلسٹرز میں تقسیم یتیم بچوں کی موجودہ تعداد 10180 ہوچکی ہے ۔اس کے علاوہ اب تک86 مثالی تربیتی مراکز قائم کئے جا چکے ہیں۔

برائے رابطہ:
ایس ۔اے ۔ شمسی
0333-524333