وفاق سے تعلق ختم، صوبائی ایچ ای سی جامعات کی انتظامی حیثیت کا تعین کرے گا

HEC

HEC

کراچی (جیوڈیسک) صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن نے سندھ کی جامعات کی قانونی اور انتظامی حیثیت کا تعین خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ ہفتے سے صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن سندھ کی سرکاری اور نجی جامعات اور اسناد تفویض کرنے والے اداروں کو خطوط جاری کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے قیام کے 12 سال بعد سندھ کی جامعات سے اس کے تعلق کے خاتمے کی ابتدا ہوگئی ہے اور صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن نے سندھ کی سرکاری اور نجی جامعات کی قانونی اور انتظامی حیثیت کے تعین کا ازخود فیصلہ کیا ہے، صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن سندھ کی سرکاری اور نجی جامعات کو خود جانچ وقدر پیمائی (ایکریڈیشن) کے بعد تسلیم کرنے کا عمل شروع کر رہی ہے۔

اس سلسلے میں فوری طور پر اقدامات کیے جارہے ہیں اور آئندہ ہفتے سے صوبائی ایچ ای سی کی جانب سے سندھ کی سرکاری ونجی جامعات اوراسناد تفویض کرنے والے اداروں کوخطوط جاری کیے جائیں گے جس کے بعد سندھ کی جامعات کا تعلق وفاقی اعلیٰ تعلیمی کمیشن سے ختم ہوجائے گا۔

اور ان جامعات کی ایکریڈیشن بتدریج وفاقی اعلیٰ تعلیمی کمیشن سے ختم ہوکر صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے پاس چلی جائے گی، جامعات اپنی خود مختار حیثیت میں وفاقی اعلیٰ تعلیمی کمیشن سے صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے ماتحت ہوجائیں گی۔

واضح رہے کہ اس وقت سندھ میں 17 سرکاری جامعات ہیں جبکہ نجی جامعات کے ساتھ مجموعی طور پر جامعات کی تعداد 40 کے قریب ہے، صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کی جانب سے اس سلسلے میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

آئندہ ہفتے سے جامعات سے درخواستیں طلب کی جائیں گی، سندھ کی نجی جامعات کو چارٹر دینے کی سفارش کرنے والے ادارے چارٹر انسپکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی جو ایچ ای سی ایکٹ کی منظوری کے بعد پہلے ہی صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کاحصہ بن چکی ہے۔

مذکورہ کمیٹی کو صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کی نگرانی میں جامعات کی ایکریڈیشن کے لیے جانچ پڑتال کے امور سونپے جائیں گے، ایکریڈیشن کے امورکے سلسلے میں کمیٹی میں کوآپریٹ اراکین بھی شامل ہوں گے جس کے بعدیہ کمیٹی چارٹر انسپکشن ایویلیو ایشن اینڈ ایکریڈیشن کمیٹی کہ لائے گی۔

صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق 2015 میں متوقع طور پر این ایف سی ایوارڈ کی منتقلی کے بعد سندھ کی سرکاری جامعات کوفنڈز صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ہوں گے اور اسی تناظر میں صوبائی اعلیٰ تعلیمی کمیشن نے سندھ کی جامعات کو ایکریڈیشن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔