جھنڈے اور بینر اتارنے پر دو سیاسی جماعتوں میں تصادم ِ 14 افراد زخمی ،دو کی حالت نازک

فنگشنل لیگ کے راہنما پیر صدرالدین شاہ کی آمد پرسنجھورو تھانہ کی حدود میں رکن برڑا میں مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنان کی جانب سے پیپلز پارٹی کے جھنڈے اور پیپلز پارٹی کے امید واروں کے انتخابی بینرز اتارنے پر پیپلز پارٹی کے حامی متشتعل ہوگئے۔

پیپلز پارٹی کے مشتعل حامیوں اور فنکشنل لیگ کے حامیوں کے درمیان لوہے کی سلاخوں، ڈنڈوں ار پتھروں کا آزادانہ زادانہ استعمال ہوا اور دونوں اطراف سے فائرنگ کی گئی۔ تصادم کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے دو شخص خان بروہی اور نواب ببرکی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

جنہیں حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔دیگرزخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال سنجھورو میں داخل کرایا گیا ۔تعلقہ اسپتال سنجھورو میں لائے گئے زخمیوں میں شوکت علی ،حسین بخش وسان ، فتح محمد ، محمد اکرم ، محمد اسماعیل بروہی، در محمد بروہی, غلام کنبھر،گلزار ببر، اور پانچ سالہ بچہ معشوق علی اور دیگر شامل ہیں۔

دونوں سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان تصادم کے بعد رکن برڑا میں خوف و ہراس پھیل گیا اور تمام دوکانیں بند ہوگئیں۔واقعہ کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار فدا حسین ڈیرو ، چوہدری محمد عاصم اور فنکشنل لیگ کے امیدوار خلیفہ وریام فقیر جائے واقعہ پر پہنچے جہاں مذکورہ راہنمائوں کے درمیان مذاکرات ہوئے جو کامیاب نہیں ہوسکے۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار درجنوں حامیوں کے ہمراہ جھنڈے اور بینرز اتارنے کے واقعہ کے ملزمان کے خلاف سنجھورو تھانہ پر رپورٹ درج کرانے پہنچے جس کے بعد زخمی کارکنان کی طرف سے رپورٹ درج کرانے کے لئے فنکشنل لیگ کے امیدوار خلیفہ وریام فقیر،نورحسن فقیر اور اپنے حامیوں کی بڑی تعداد کے ساتھ سنجھورو تھانہ پہنچ گئے۔

آخری اطلاعات ملنے تک سنجھورو تھانہ پر کسی بھی پارٹی کی رپورٹ درج نہیں کی گئی تھی۔ دریں اثناء پیر سید صدرالدین شاہ راشدی کی آمد کے موقع پر مسلم لیگ (فنکشنل) کے حامیوں کی جانب سے سنجھورو شہر میں بھی پیپلز پارٹی کے جھنڈے اور انتخابی بینرز اتارنے پر دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی پھیل گئی ہے ۔سنجھورو تھانہ کے باہر اور شہر میں دونوں پارٹیوں کے حامیوں کی جانب سے سخت نعرے بازی کی گئی۔