فرانس کے شہر لیون میں یونیورسٹی کی عمارت میں دھماکا، 3 افراد زخمی

France University Building, Blast

France University Building, Blast

لیون (جیوڈیسک) فرانس کے شہر لیون میں یونیورسٹی کی عمارت میں دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔

دھماکا لیون شہر کے شمال میں واقع لا دووا کیمپس میں ہوا،جو ایک سائنس لائبریری ہے۔

پولیس کے مطابق چھت پر تعمیراتی کام کے دوران ایک گیس کی بوتل میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی۔

سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی دھماکے کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ کا ایک گولہ آسمان کی جانب بلند ہوتا ہے، جس کے بعد عمارت کی چھت پر آگ لگ جاتی ہے۔

دھماکے کے بعد جائے وقوع کو خالی کروا دیا گیا جبکہ فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے۔

یونیورسٹی حکام نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) سے بات کرتے ہوئے دھماکے کو ‘حادثاتی’ قرار دیا اور بتایا کہ یہ تعمیراتی کام کے دوران ہوا۔

واضح رہے کہ چند دن قبل دارالحکومت پیرس کی ایک بیکری میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔