حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ تاجربرادری

Petroleum Products

Petroleum Products

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تاجربرادری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کے فیصلہ پر نظر ثانی کرے کیونکہ اس اقدام سے جہاں ملک میں کاروباری و صنعتی سرگرمیاں متاثر ہوں گی وہاں مہنگائی میں بھی اضافہ ہوگا جس سے عام آدمی پر بوجھ بڑھ جائے گا۔

اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر بختاوری نے تاجربرادری کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مالی خسارہ میں کمی کیلئے صنعت وتجارت کو فروغ دینے پر توجہ دے جس سے معیشت کی حالت بہترہو گی۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نو منتخب حکومت سے توقع کررہی ہے کہ وہ کاروبار کیلئے سازگار حالات پیدا کرے گی، انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے ملک میں کاروبار کی لاگت میں اضافہ ہو گا جبکہ مہنگی ہونے کی وجہ سے ہماری ملکی مصنوعات کیلئے عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنا مزید مشکل ہوگا، جس سے برآمدات میں کمی واقع ہو گی۔