گجرات کی خبریں 15/4/2019

GPI

GPI

گجرات (جی پی آئی) سجادہ نشین آستانہ عالیہ مہمدہ شریف و آوان شریف صاحبزادہ قاضی منصور الحق آوانی کی والدہ محترمہ صاحبزادہ قاضی رضوان منصور آوانی کی دادی جانی کے ایصال ثواب کیلئے برسی کا ختم شریف آسانہ عالیہ مہمدہ شریف و آوان شریف میں منعقد ہوا جس کی صدارت صاحبزادہ قاضی منصور الحق آوانی نے کی جبکہ یہ محفل صاحبزادہ پیر رضوان منصور آوانی منعقد ہوئی جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی تلاوت کلام پاک کا شرف صاحبزادہ قاضی رضوان منصور آوانی نے حاصل کیا جبکہ نعت رسول مقبول ْۖ عارف شاہد گوندل ، حافظ محمد صدیق ، محمد سلیم مہروی و دیگر نے پیش کی ۔ تمام انتظامات زیر انتظام صاحبزادہ عبدالرحمن آوانی کے زیر اہتمام منعقد ہوئے حاضرین کو لنگر پیش کیا گیا اختتام پر ملکی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس گجرات کے زیر اہتمام موضع کٹھالہ چناب میں کبڈی میچ منعقد ہوا جس میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کبڈی کے کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی ۔ جبکہ حاضرین نے بڑھ چڑھ کر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ، چوہدری اشرف گوندل اور ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر حسن خالد وڑائچ نے خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں کی دل کھول کر حوصلہ افزائی کی اس کبڈی میچ کا مقصد نوجوان نسل میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا اور بڑھتی ہوئی آبادی کے خلاف شعور اجاگر کرنا تھا اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ۔ ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر حسن خالد وڑائچ نے کہا کہ پاکستان کو جن مسائل کا سامنا ہے اس میں سے سب سے بڑا مسئلہ بڑھتی ہوئی آبادی ہے اور ہم سب کا فرض ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو بہترین ماحول فراہم کریں تا کہ وہ اچھے شہری ثابت ہوں ، انہوں نے کہا کہ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ معاشرتی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کر رہا ہے اس سلسلہ میں سیمینارز ، مذاکرے ، سپورٹس فیسٹیول و دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے تا کہ نوجوانوں کو بہترین راہنمائی میسر آ سکے ۔ اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں بھی تقسیم کیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امام کعبہ پوری امت کا اثاثہ ، انہیں عملی طور پرتمام مکاتب فکر کا ہونا چاہئے، قاضی عبدالقدیر خاموش
گجرات (جی پی آئی) جمعیت علمائے اہلحدیث کے سربراہ قاضی عبدالقدیر خاموش نے امام کعبہ عبداللہ بن العواد الجہنی کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ امام کعبہ بیت اللہ کی طرح پوری امت کا اثاثہ ہیں۔ انہیںکسی ایک یا دوکی بجائے تمام مکاتب فکر کا ہونا چاہئے۔ عملی طور پر یہ تاثر بھی نہیں دینا چاہیے کہ وہ پاکستان میںکسی خاص گروہ کے مفادات کے تحفظ یا ان کی پالیسیوں کی حمایت کے لئے آتے ہیں۔ لیکن عملی طور پر دیکھا گیا ہے کہ امام کعبہ جب بھی آتے ہیں، مخصوص مکتبہ فکر کی ہی دعوت پر آتے ہیں اور انہیں کے اداروں میں خطاب کرتے اور مساجد میں نماز کی امامت کرواتے ہیں۔ جس سے فرقہ واریت کا تاثر ابھر تا ہے ۔ اور یہ ان کے شایان شان نہیں۔ امام کعبہ کو غیر متنازع اور سب مسلمانوں کا ہونا چاہیے۔ کیونکہ یہ ان کے منصب کا تقاضا ہے۔ اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ امام کعبہ کو فرقہ وارانہ طرز عمل کا باعث بننے کی بجائے ، مسلکی عصبیتوں کے خاتمے کے لیے رہنمائی بھی کرنی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ امام کعبہ کو سعودی حکومت کی پالیسیوں کی وکالت کرنے کی بجائے، قرآ ن و سنت کے مطابق حکمرانوں کی بھی اصلاح کرنی چاہیے ۔اور اتحاد امت کا درس عملی طور پر بھی دینا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ضلع گجرات کی ممتاز تعلیمی شخصیت شہزاد شفیق شرقپوری کی خدمات کا اعتراف انہیں دوبارہ پرائیویٹ سکولز رجسٹریشن کمیٹی کا ممبر منتخب کر دیا گیا ۔ گزشتہ روز پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے اجلاس کے دوران تمام تنظیموں نے شہزاد شفیق شرقپوری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پرائیویٹ سکولز کی طرف سے رجسٹریشن کمیٹی کا ممبر نامزد کر دیا ۔ ڈی سی گجرات ڈاکٹر خرم شہزاد نے ان کی نامزدگی کی منظوری دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) سعودی عرب میں 27سال روضہ رسول ْۖ کے سامنے حاضری دینے کے بعد ممتاز روحانی شخصیت محمد نعیم کی پاکستان آمد آستانہ عالیہ موتیاں والی سرکار کے فیض یافتہ محمد نعیم جامع مسجد عائشہ صدیقہ بارہ دری میں نماز فجر سے 9بجے تک فی سبیل اللہ عوام کی خدمت کیلئے ڈیوٹی سرانجام دینگے ان کے خلیفہ ساجد ڈار کے مطابق محمد نعیم فی سبیل اللہ سعودی عرب میں خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں ۔ اب وہ پاکستان میں خدمت خلق کیلئے کام ڈیوٹی سرانجام دینگے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) خدمت میں ایک قدم آگے ضلع گجرات میں پہلی دفعہ آرتھو ڈینٹسٹ ڈاکٹر احمد اویس عائشہ بشیر کلفٹ ہسپتال گجرات میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے ڈاکٹر اعجاز بشیر چیئرمین عائشہ بشیر ٹرسٹ نے کہا ہے کہ گجرات میں آرتھو ڈینٹسٹ کی سہولت میسر نہ تھی اور لوگ اس سلسلہ میں لاہور یا اسلام آباد جاتے تھے ۔ ڈاکٹر احمد اویس آرتھو ڈینٹسٹ دانتوں کے تمام جملہ امراض کے علاج کیلئے کام کرینگے اس سلسلہ میں وہ صبح نو بجے سے لیکر دوپہر تین بجے تک ڈیوٹی سرانجام دینگے ۔ دانتوں کے متعلقہ تمام سہولیات میسر کر دی گئیں ہیں جس میں جدید ترین لیبارٹری بھی شامل ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) جٹووکل ایدھی سنٹر کے سامنے گندگی کی وجہ سے عوا م کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور گندگی کے انبار کی وجہ سے کئی حادثات بھی رونما ہو چکے ہیں ۔ احکام میونسپل کارپوریشن کو اطلاع کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا ۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس سلسلہ میں فوری اقدامات کیے جائیں اور گندگی کے خاتمہ کو ممکن بنایا جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)بانڈڈ لیبر لیبریشن فریڈم یونین پنجاب کی صدر میڈم ممتاز ظہور اور سیکر ٹری جنرل چوہدری شہباز سعید گجر نے جلالپورجٹاں میں چند دن قبل بھٹہ مالکان کی درندگی اور تشدد کا شکار ہونے والے بھٹہ مزدور ظہیر احمد کے گھر جا کر اس کی عیادت کی اور اس کے بوڑھے والدین ،بیوی اور معصوم بچوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھٹہ مالکان کی اس درندگی اوربھٹہ مزدور ظہیر احمد پر وحشیانہ تشددکرنے اور اس کی ٹانگ توڑنے اور اسے زندگی بھر کے لیئے معذور کرنے کے اقدام کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور انھیں انصاف دلانے کے لیئے ہر فورم پر ان کی آواز بلند کرنے اور ان کی ہر قسم کی مالی ،اخلاقی،اور قانونی امداد کی یقین دہانی کراتے ہیں بھٹہ مزدور ظہیر احمد سمیت وطن عزیز کا ہر مزدور ہمار ا کارکن اور بھائی ہے ہم انھیں مادیت پرست سرمایہ کاروں اور دولت کے پجاری آجروں اور مالکان کے ظلم ستم کا نشانہ نہیں بننے دیں گے ہم وزیر اعلی پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب ،آئی جی پنجاب ،کمشنر گوجرانوالہ ،ڈپٹی کمشنر گجرات ،ڈی پی او گجرات سے اپیل کرتے ہیں کہ بھٹہ مالکان کے تشدد کا شکار بھٹہ مزدور ظہیر کو انصاف دلایا جائے اور ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جائے تا کہ مملکت خدادا پاکستان میں مزدوروں کے ساتھ آئندہ ایسا کوئی دلخراش واقعہ رونما نہ ہو
۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ریلوے اسٹیشن گجرات پر گندگی ، گندا پانی ریلوے لائنوں کے درمیان سے گزر رہا ہے جس سے کوئی بھی حادثہ پیش آ سکتا ہے ۔ عوامی حلقوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی ، ایم پی اے چوہدری سلیم سرور جوڑا اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے اسٹیشن کے اردگرد کے علاقوں میں صفائی کے لئے اقدامات کیے جائیں کیونکہ گجرات شہر میں آنے والے سب سے پہلے ریلوے اسٹیشن پر آتے ہیں اور شہریوں پر اس کا برا اثر پڑتا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی پالیسی ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور دوسرے ممالک کی بزنس کمیونٹی کو پاکستان میں بزنس کیلئے مائل کیا جائے اور ان کو وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں جن سے ان کا بزنس فروغ پائے، حکومت بزنس کمیونٹی کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بڑی تیزی سے کام کر رہی ہے۔ گورنر ہائوس میں پاکستان سائوتھ افریقہ بزنس کمیونٹی کے وفد کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا کے نقشے پر اپنی الگ شناخت بنا رہا ہے، بزنس کے فروغ کیلئے آئیڈیل ملک ہے، خاص طور پر ٹیکسٹائل کا شعبہ پاکستان میں ہمیشہ مضبوط رہا ہے، 2002ء سے 2008ء تک بطور وزیراعلیٰ پنجاب میں نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جس میں ون ونڈو کے ذریعے تاجر برادری کے تمام مسائل حل کیے جاتے ہیں، فیصل آباد گارمنٹس سٹی اور ملتان میں انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جو مکمل فنکشنل ہیں، جو بھی یہاں صنعت لگانا چاہے وہ فوری طور پر کام شروع کرسکتے ہیں کیونکہ پاکستان اس وقت ترقی کر رہا ہے، عمران خان حکومت کا ویژن ہے کہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے حکومت ان کے بزنس کے فروغ کیلئے مکمل تحفظ اور سہولیات فراہم کرے گی۔ پاکستان سائوتھ افریقہ بزنس فورم کے وفد میں سعدی فاروقی، سید ایچ میاں، روفس ردھیب، حسن بھدیلیہ، ابراہیم پٹیل، سلیم شکور، اعجاز محمود خان، راشد اقبال، محمد حنیف، محمد الیاس، چودھری اظہر محمود اور محمد رفیق میمن شامل تھے جبکہ پاکستان بزنس مین صفدر سندھو اور اعجاز چودھری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ سائوتھ افریقہ بزنس کمیورٹی کے چیئرمین سعید میاں نے قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جوہانسبرگ میں بزنس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی واپس آ کر اپنے ملک میں سرمایہ کاری کریں۔#
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی ایم این اے نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازشریف سے ملاقات اور ن لیگ کی جانب سے چودھری پرویزالٰہی کو وزیراعلیٰ بنانے کی پیشکش کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا دور دور تک کوئی امکان نہیں۔ مونس الٰہی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ باتیں خود میرے لیے حیران کن ہیں، میری حمزہ شہباز سے نہ کوئی ملاقات ہوئی ہے اور نہ ہی مجھے اس کی کوئی ضرورت یا خواہش ہے۔ مونس الٰہی نے مزید کہا کہ جہاں تک میرے والد محترم چودھری پرویزالٰہی کا تعلق ہے انہیں پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ حاصل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، ہم اور ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ وزیراعظم عمران خان کی جماعت پی ٹی آئی اور ان کے منتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی مکمل حمایت کر رہے ہیں۔#

۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی)محبت رسولۖہی مومن کا اثاثہ اور علم اس کی میراث ہے ،اتباع رسولۖ اس کا شعار اور فکر و تدبر اس کیلئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتا ہے۔ جن لوگوں کے دل عشق رسولۖسے خالی ہوتے ہیں وہ زندگی کی حقیقی لذت سے محروم ہوتے ہیں۔ ان خیالات کااظہارپیر محمدعارف ہزاروی نے مہرآبادشریف بھٹی کے میں50ویںسالانہ عرس مبارک حضرت شیخ القرآن محمدعبد الغفور ہزاروی کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر محمدشارف ہزاروی،ملک محمدیوسف چاند،حاجی حبیب الرحمن،قاری محمداکرم،بابا محمدجاوید مہر،چوہدری غلام مصطفی،گوھر رشید،قاری محمداشرف،قاری احسان عباس،محمدنعیم ہزاروی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوںنے کہا کہ بندہ صحیح معنوں میں اس وقت انسان بنتا ہے جب رسولۖ کا انس اس کے دل میں بدرجہ تم پیدا ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کا حقیقی مشن بھی یہی ہے کہ وہ لوگوں کے دلوں میں عشق رسولۖپیدا کریں اور اس کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ شہنشاہ کل عالمۖ کی محبت اور اتباع لازم و ملزوم ہیں ۔آپۖ کی اطاعت کے بغیر محبت کا دعویٰ فضول ہے ۔حضور نبی کریمۖ کی محبت انسانیت کی معراج اور قرب الٰہی کے حصول کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی)حضرت علی علیہ اسلام کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ اوردنیاوآخرت میںنجات کاذریعہ ہیں۔حضرت علی المرتضیٰ شجاعت،جوانمردی کی وجہ سے دشمنان اسلا م کے دلوں پردھاک بٹھائے ہوئے تھے۔آپ نے اسلام کی سربلندی کے لئے خودبھی معرکہ میںشجاعت وبہادری کے جوہر دیکھائے۔ان خیالات کا اظہارحاجی محمدنوازسیال،صوفی غلام رسول نوری،ڈاکٹرساجد علی گوھر نے بزم انوارداتا شاہ نور ولی سرکار کے زیراہتمام جشن حضرت علی المرتضیٰ کے سلسلہ میں منعقدہ محفل سماع کے موقع پرکیا۔اس موقع پرپیر محمدعارف ہزاروی،قاری شاہد مجید حیدری، محمدخالد نمبردار،نشاط چیمہ، با بو عامر رضا بٹ،عامر مشتاق ودیگر عاشقان رسول ۖ بھی موجودتھے۔محفل سماع میں وسیم امتیاز اویسی قوال وہمنوا نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔انہوںنے کہا کہ ہم سب کومتحدہوکران سازشی عناصر کامقابلہ کریں جووطن عزیزکے امن کوتباہ کرنے کے درپے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی) جماعت اسلا می پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن نے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے حکومت نے مایوس کیامہنگائی اوربے روزگاری جان لیوا وباء کی صورت میں پھیل رہی ہے انہیں اقتدارمیں لانے والے خود پریشان ہیں ملکی مسائل کا حل نظام مصطفی ۖ کے نفاذ میں ہے ۔وہ ضلعی دورہ کے دوران وزیرآبادمیں رابطہ عوام مہم کے سلسلہ میں خطاب کررہے تھے۔اس موقع پرضلعی امیر حافظ غلام مصطفی ،وسیم شاہد اولکھ ،صابر حسین بٹ ،جاوید محمودمغل،عقیل احمد رانا ،فیصل رضا سمیت متعددذمہ داران موجودتھے۔انہوںنے کہا کہ عوام نے جس طرح روٹی،کپڑا مکان کے وعدہ پر پی پی کو ووٹ دیئے قرض اتارو ملک سنوارو کے نعرہ پرمسلم لیگ اوراب تبدیلی کے نام پرپی ٹی آئی کو ووٹ دیا مگرپہلی حکومتوں سے بھی بڑھ کر موجودہ حکومت نے عوام کو مایوس کیا۔انہوںنے کہا کہ جماعت اسلا می ملک کی واحد جمہوری اورپروگریسو جماعت ہے جسکی جمہوریت پسندی اور امانت ودیانت کااعتراف قومی اوربین الاقوامی ادارے بھی کرتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ چور لٹیروں سے نجات کے لئے عوام جماعت اسلا می کا ساتھ دیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی)چیئرمین یوسی میرمحمدلطیف نے کہا ہے کہ مسلمانوںکی اپنے آقاۖ سے اور محسن کائنات سے عشق ومحبت ایمان کی شرط اول ہے۔آپ ۖ کا ہر امتی آپ ۖ کی آن پرکٹ مرنا اپنے لئے باعث کامیابی جانتا ہے۔ آپ ۖ کی آمد سے ظلمات کے اندھیرے چھٹ گئے اورچہارسواجا لے ہوگئے۔آپ ۖ دونوںجہانوںکے لئے رحمت بنا کربھیجے گئے آپۖ کائنات میںہرجاندارکے لئے رحمت وشفقت کامحورہیں آپ ۖ محبوب خداہیںاورآپ ۖ سے محبت کرنے والے سے خالق کائنات خوش ہوکر نوازتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کوہاٹ (جی پی آئی)کوہاٹ نصرت خیل میں گزشتہ دنوں پولیس مقابلے میں میرے بیٹے کو مخالف فریق سے پیسے لے کر قتل کیا گیا یہ باتیں مقتول عظمت اللہ کی والدہ صفیہ بی بی نے کوہاٹ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر مقتول عظمت اللہ کی بھائی نوبت خان اور مجاہد اللہ بھی موجود تھے ان کا کہنا تھا کہ9 اپریل کو علاقہ نصرت خیل میں کینٹ پولیس کے ایس ایچ اوکینٹ قسمت خان نے ہمارے مخالفین دوست محمد سے رقم وصول کرکے میرے بیٹے عصمت اللہ کو پولیس کے جعلی مقابلے میں فائرنگ کر کے قتل کیا ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے بیٹے کو جعلی مقابلے کے بعد اشتہاری قرار دے کر پولیس نے معاملے کو دوسرا رنگ دے دیاجبکہ پولیس نے میرے دوسرے بیٹے سعیداللہ کو بھی فائرنگ کرکے زخمی کیا انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے ہم پر جھوٹا الزام لگا کر اسلحہ اور گولہ بارود بھی میڈیا کو دکھایا جب کہ ہمارے پاس کوئی اسلحہ نہیں ہے صفیہ بی بی نے مزید کہا کہ ڈی پی او کوہاٹ ہمارے ساتھ سراسر ظلم اور زیادتی کی ہے پورا علاقہ میرے بیٹوں کی بے گناہی کا گواہ ہے انہوں نے وزیر مملکت داخلہ شہریار خان آفریدی وزیر اعلی کے پی کے آئی جی پی کے پی کے اور چیف جسٹس سے پولیس جعلی مقابلے کے خلاف انکوائری کرنے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر انصاف نہ ملنے کی صورت میں خودسوزی کریں گے
۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی)تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے حکومتی عہدیداروں، تمام مکاتب فکرکے دینی مدارس کی انتظامیہ ،خود چیف جسٹس جناب آصف سعید کھوسہ سمیت عدلیہ کے نمائندوں کو جامعہ عروة الوثقیٰ کے دورے کی دعوت دی ہے کہ وہ ماڈل مدرسے کا معیار تعلیم چیک کریں اورمدارس کے بارے میں اپنی منفی رائے تبدیل کریں۔ مدارس علمی اور اسلامی مراکز ہیں۔ جہاں اعلیٰ صلاحیتوں کے طلبا کو داخلہ دیا جاتا ہے۔ کوئی مجبوری سے نہیں، بلکہ اپنی مرضی سے عصری اور دینی علوم حاصل کرنے کے لئے آتے ہیں۔ جامعہ عروة الوثقیٰ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مدارس دینیہ سرکاری اور نجی کالجوں اور یونیورسٹیوں سے بہتر تعلیم دے رہے ہیں ۔اور لوگ اپنے بچوں کو یہاں مجبوری کے تحت نہیں بلکہ خوشی سے بھیجتے ہیں کیونکہ انہیں یہاں مکمل اسلامی ماحول میںدینی تعلیم کے ساتھ ان کی دیگر عصری تعلیمی ضروریات بھی پوری ہوتی ہیں۔ علامہ جواد نقوی نے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے اس بیان پر حیرت کا اظہار کیا جس میں انہوں نے مدارس میں بچوں کے داخلوں کو حکومتی نااہلی قراردیا۔انہوں نے تعلیمی حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے تھے کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مجبوراً لوگ اپنے بچوںکو مدرسوں میں بھیجتے ہیں۔علامہ جواد نقوی نے کہا کہ جامعہ عروة الوثقیٰ ماڈل تعلیمی ادارہ ہے، جہاں طلبہ جدید تعلیمی سہولیات سے مزین ماحول فراہم کیا جارہا ہے اور ہم بڑی ذمہ داری اور عاجزی کے ساتھ کہتے ہیں کہ ایسے ماڈل تعلیمی ادارے قائم ہونے چاہیںمگر افسوس یہ ہے کہ اس ملک کی بیوروکریسی اور اشرافیہ نے کبھی اس طرف توجہ ہی نہیں کی ،وہ مغربی میڈیا اورنا م نہا د این جی اوز اور جہاد افغانستان میں مدارس کے غلط استعمال سے نتائج اخذ کررہے ہیں۔ اور وہ کبھی مدرسوں میں آئے ہی نہیں ۔ اسی لئے وہ مدارس کے نظام ، معیار تعلیم اور یہاں دی جانے والی سہولتوں سے ناواقف ہیں۔علامہ جواد نقوی نے افسوس کا اظہار کیا کہ حکومتی اجلاسوں میں جو لوگ مدرسوں کی طرف سے نمائندگی کرتے ہیں انہیں بھی مدارس کی جدیدیت کا علم نہیں۔ کچھ ایسے ہیں جومدرسے کے منتظم تو ہیں لیکن ادارے میں کبھی آتے ہی نہیں۔ کچھ استاد ضرور ہیں مگر پڑھاتے نہیں۔یاکچھ ایسے ہیں جنہوں نے مدرسے ٹھیکے پر دے دیے ہیں، انہیں معلوم ہی نہیں کہ ان کے اپنے مدرسے میں کیا ہو رہا ہے؟ اس لیے حکومت کو مدرسوں کے بارے میں اپنا منفی تاثر دور کرنا چاہیے ۔ مدارس دینیہ میں اعلیٰ تعلیم دی جا رہی ہے اور یہ کسی بھی یونیورسٹی اور کالج سے کم نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) تحفظ حرمین شریفین کونسل کے چیئرمین اور ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے امام کعبہ فضیلت الشیخ عبداللہ بن العواد الجہنی کے پاکستان کے دورے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حرمین شریفین ہمارے ایمانی مراکز ہیں اور ان سے مربوط شخصیت جب بھی تشریف لاتی ہے تو ہمارے دل خوش ہوتے اور روحانی خوشی محسوس ہوتی ہے ۔ انہیں دیکھ کر ایمان تازہ و جاتا ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان یک جان ودوقالب کی حیثیت رکھتے ہیں۔ امام کعبہ کا دورہ پاکستان اتحادامت کو فروغ دے گا۔میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے حکومت پاکستان ، سعودی سفارتخانے اور سعودی سفیر نواف احمد المالکی کا امام کعبہ کے دورے کے حوالے سے انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ حرمین شریفین کی طرف ہونے اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑ دی جائے گی۔ خادمین حرمین شریفین کے خلاف سازشوں کوبھی ہر صورت ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ امت مسلمہ کے اتحاد کا متقاضی ہے۔ امام کعبہ کا دورہ پاکستان، کشمیر فلسطین اورروہنگیا کے مسلمانوں کی تقویت کا بھی باعث بنے گا۔ان کا کہنا تھا کہ امام کعبہ کافیصل مسجد اسلام آباد میں خطبہ جمعہ اتحاد امت کے حوالے سے رہنمائی رکھتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) جمعیت علمائے پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ اولیاء اللہ نے ہمیشہ امن، محبت اور رواداری کاپیغام دیا ہے ۔اولیاء کے دربار ہر مذہب و مسلک کے لیے کھلے ہیں۔ یہاں کوئی تفریق نہیں ہوتی۔ خارجی اور تکفیری سوچ نے ملک کا امن تباہ کر دیا ہے اور کچھ مذہبی گروہوں نے بھی اپنے اپنے قبضہ گروپ بنا لیے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید مختار اعظم پیر حضرت سید محمد شاہ سرکار دربار مجددی انجنیرنگ یونیورسٹی کے دو روز ہ عرس مبارک کی اختتامی تقریب اور دعا کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پیر معصوم نقوی نے کہا ہے کہ کوئی مذہبی گروہ صرف خود کو توحید پرست سمجھتا ہے اور دعویٰ کرتا ہے کہ باقی توحید کے قائل ہی نہیں ہیں، وہی صرف موحد ہے ، جبکہ کوئی عشق مصطفی پر فخر کرتا ہے اور اس سمجھتا کہ اس سے زیادہ عاشق رسول کوئی نہیں ہے تو کوئی محبت اہل بیت کا دعویدار ہے ۔وہ سمجھتا ہے کہ آل رسول سے زیادہ محبت صرف وہی کرسکتا ہے۔یہ امت کی نہیں، تفرقہ بازی کی سوچ ہے۔اور ایسی منفی سوچ نے ہی معاشرے میں فرقہ واریت اور کشیدگی پیدا کی ہے۔جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اسلام سب کا ہے۔خاتم الانبیا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پرکسی ایک فرقے یا عقیدے کی اجارہ داری نہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ خارجی اور طالبانی سوچ کا اسلام اور اہل سنت سے کوئی تعلق نہیں۔ افسوس کہ ایسی سوچ صدیوں پرانی ہے جس نے اسلام ،امت اسلامی کو تقسیم کرکے شدت پسند گروہ پیدا کئے اور آج بھی اسی سوچ کی بنیاد پر دہشت گرد پیدا کیے جا رہے ہیں۔جنہوں نے بیرونی طاقتوں کے اشارے پر افغان جنگ پاکستان میں لڑی اور اس کے بھیانک نقصانات کا خمیازہ ہم آج تک بھگت رہے ہیں۔جس کی تازہ شکل کوئٹہ میں ہزارہ قبیلے کی قتل و غارت اور نسل کشی کی صورت میں موجود ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی)فوٹوجرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2019میں ایک مرتبہ پھرصدارتی عہدے پر اقبال چوہدری بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے جبکہ نائب صدرکی سیٹ پر صداقت مغل، جنرل سیکرٹری پرویزالطاف ، سیکرٹری اطلاعات عمرفاروق،گورننگ باڈی کی سات سیٹوں پر عارف نجمی، میاںزاہد،جاوید شیخ،مرتضی علی،نواب مقبول،سجاد ملک اور نصراللہ ملک بلامقابلہ منتخب ہوگئے جبکہ خزانچی کی سیٹ پر جمیل احمد شیخ اور طارق حسن میں زبردست مقابلہ ہوا ۔ طارق حسن بطورخزانچی اس سیٹ پر کامیاب قرارپائے۔لاہورفوٹوجرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2019/20 کے لئے لاہور پریس کلب فوٹوگرافرروم میں انتخابات منعقد کئے گئے۔ انتخابات کے انعقاد کے لئے چیف الیکشن کمیشن سینئرصحافی تنویرزیدی مقررکئے گئے جن کی معاونت کے لئے لاہور پریس کلب کے اسسٹنٹ منیجر محمد عقیل کو ذمہ داری سونپی گئی۔نومنتخب صدراقبال چوہدری نے اس موقع پر کہاکہ فوٹوجرنلسٹس کی جانب سے جس طرح ان کی قیادت پر اعتمادکیاجاتاہے اس کے لئے وہ ان کے انتہائی مشکورہیںاور میں اپنی نومنتخب ٹیم کے ساتھ فوٹوجرنلسٹس اور صحافی برادری کی خدمت میںکوئی کسراٹھانہ رکھوںگا۔ انھوںنے الیکشن کے بہترین اور منظم انتظامات کرنے پر چیف الیکشن کمیشن سینئرصحافی تنویرزیدی کاشکریہ اداکیا۔ اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، ممبرگورننگ باڈی عمران شیخ اور سابق سیکرٹری پریس کلب شاداب ریاض نے لاہورفوٹوجرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب اراکین گورننگ باڈی کومبارکباد پیش کی اور امید ظاہرکی کہ ماضی کی طرح نومنتخب صدراقبا ل چوہدری اور ان کی تمام ٹیم صحافیوںکو سہولیات فراہم کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے بھرپورمحنت کریںگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔