کورونا وبا کے باوجود اس عید الضحیٰ پر الخدمت فاؤنڈیشن نے 6 ہزار سے زائد جانور قربان کئے۔

Community Services Program

Community Services Program

اسلام آباد: الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے بورڈ اجلاس میں مرکزی صدرالخدمت فاؤنڈیشن محمد عبدالشکور،سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، نیشنل ڈائریکٹر سماجی خدمات پروگرام عامر محمود چیمہ، جنرل مینجر پرگرامز حماد بٹ اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس میں عامر محمود چیمہ نے الخدمت قربانی فی سبیل اللہ پراجیکٹ 2020کی رپورٹ پیش کی۔انھوں نے بتایا کہ اس سال پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، فاٹا، گلگت بلتستان اور کراچی سمیت روہنگیا اور شامی مہاجرین کیمپس میں 3965بڑے اور2543چھوٹے جانورقربان کئے گئے۔ جس سے مجموعی طور پر 2لاکھ 19 ہزار مستحق خاندان مستفید ہوئے۔سید احسان اللہ وقاص نے بتایاکہ اس سال کورونا وباکی وجہ سے جانوروں کی دیکھ بھال، قربانی اور تقسیم کا عمل مشکل بھی تھا اور خطرناک بھی۔لہذاحالات کے پیشِ نظرکورونا سے بچاؤ کے حوالے سے حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پرعملدرآمد کو یقینی بنایا گیا۔روایتی طریقہ کار کے ساتھ ساتھ جدید سلاٹر ہاؤسز میں بھی قربانی کا اہتمام کیا گیا۔

جہاں سے اس گوشت کو حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظررکھتے ہوئے پیک کرکے دور دراز پسماندہ علاقوں تک چلر ٹرکوں کے ذریعے پہنچایاگیا۔اس کے علاوہ ہر سال کی طرح اس باربھی اپنے مجبور اور بے گھر بہن بھائیوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لئے بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کیمپوں جبکہ ترک بارڈر پرقائم شامی مہاجرین کیمپوں میں بھی قربانی فی سبیل اللہ کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔محمد عبدالشکور نے اس موقع پر کہا کہ یہ دنیا بھر میں رہنے والے مخیر حضرات کا الخدمت پر اعتماد اور ہمارے رضاکاروں کی شب و روز کاوشوں کا ہی ثمر ہے کہ کورونا جیسی آزمائش کے باوجود گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال ریکارڈ جانور قربان کئے گئے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ہر سال قربانی فی سبیل اللہ کا اہتمام کرتی ہے جس سے وہ افراد جن کو دو وقت کی روٹی بھی بمشکل میسرآتی ہے انھیں بھی قربانی کا گوشت نصیب ہوجاتا ہے۔