امید کے جگنو

Ahlla

Ahlla

زندگی ایک خوبصورت نعمت جسے ربِ کائنات نے اپنی سب سے عظیم تخلیق کے لیئے تخلیق کیا۔ ایک مٹی کے پتلے میں اپنا نورِ طلسم پھونکا اور اسے انسان کا نام دیا ،انسان کو انس سے جنم دیا اور اسی کا حکم دیا۔

دردِ دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو
ورنہ طاعت کے لیئے کچھ کم نہ تھے کروبیاں

گردشِ زمانہ اور حالات خواہ کتنے ہی دشوار اور مصائب کے تھپیڑے خواہ کتنے ہی بے رحم اور سفاک کیوں نہ رھے ہوں مگراہلِ دردِ دل ہر حال میں اپنا کام کرتے رہے ہیں اور بے لوثی سے خدمتِ انسانیت کے لیئے برسرِپیکار رہے۔ اس ہجومِ بے کراں میں امید کے جگنو جلانے والوں میں ایک نام امید ویلفیئر ٹرسٹ، کا بھی ہے ۔آج سے دس سال پہلے لاہور میں خدمتِ خلق کی عظیم سوسائٹی نے امید ویلفیئر کا سنگِ بنیاد رکھا ،اس کا بنیادی مقصد بے یارو مددگار انسانیت کی خدمت کرنا تھا۔ دس سال کے قلیل عرصے میں اللہ تعالی اور مخیر حضرات کے تعاون سے آج امید ویلفیئر نہ صرف لاہور بلکہ لیہ، کوٹ ادو، ملتان اور راجن پور میں بھی مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہا ہے۔ اس ٹرسٹ کے اہم مقاصد میں سر فہرست تعلیم کی شمعیں جلانا ہے۔

درس قرآن کی مہم، کوڑے اور روڑیوں سے کاغذ چنتے معصوم بچوں کے لیئے ابتدائی تعلیم کا اہتمام،جن میں ان کو کتابیں، بستے ،یونیفارم اور دوپہر کا کھانا مفت فراہم کیا جاتا ہے ۔٭ شعور و ادراک کی مہم کے تحت ایک شعوری ڈاکومینٹری کے زریعے مختلف سکولز میں جا کر طلباء میں تعلیمی شعور جگایا جاتا ہے تا کہ ان کے ذہنوں میں تعلیم کا شوق اور افادیت اجاگر ہو۔ ٭ بے سہارا اور یتیم بچیوں کی شادی کا اہتمام بھی اس کے اہم مقاصد میں سے ایک ہے اس مقصد کی تکمیل کے سلسلے میں اب تک پچاس اجتماعی شادیاں کی جا چکی ہیں ،اور اگست٢٠١٣ میں مذید دس اجتماعی شادیاں متوقع ہیں۔

Student

Student

لاہور، لیہ،کوٹ ادو اور راجن پور میں ٢٠٠ یتیم اور بے سہارا بچوں کی سکولز کی فیس کی مد میں 40,000 کی رقم ان کے سکولز میں جمع کروائی جاتی ہے تاکہ ان کے حصول تعلیم میں خلل واقع نہ ہواور وہ ترقی کی منازل بے فکری سے طے کرتے رہیں ٭اس کے علاوہ قدرتی آفات سے متاثرین کی مدد بھی کی جاتی ہے ۔گذشتہ سال متاثرین سیلاب کو امید ویلفیئر کی جانب سے مختلف اشیاء ضروریہ کے ٢٠ امدادی ٹرک جن میں دالیں،چاول،آٹا ،گھی،چینی، مصالحہ جات، 20,000 پانی کی بوتلیں اور لباس شامل تھے ان کی تقسیم کی گئی اور تا حال یہ سلسلہ جاری ہے ۔٭ بچیوں کی اسکامی تعلیم وتربیت کے لیئے ایک عظیم الشان جامعہ نورالبنات تعلیم القرآن ٹرسٹ قائم کیا گیا ۔جن میں سینکڑوں طالبات حفظ قرآن اور تفسیر کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔

امید ویلفیئر کا ایک نیا قدم ایک عظیم الشان فری میڈیکل کمپلیکس کا قیام ہے اس زمرے میں چار کنال اراضی حاصل کر لی گئی ہے اس مد میں ٣٠ لاکھ کی ادائیگی ابھی باقی ہے اس سلسلے مخیر حضرات آگے آئیںاور اس کارِخیر میں ہمقدم ہوں۔ٹرسٹ اپنی مدد آپ کے تحت خدمت انسانیت کافریضہ انجام دے رہا ہے میری بحیثیت ایک انسان اور قلم کار گذارش ہے کی آگے آئیں آگے بڑھیں اور امید ویلفئیر کی ساتھ مل کہ ایک چھوٹا سا دیا روشن کریں۔

خدمتِ انسانیت میں ہی عظمت ہے ،ھم سیاست دانوں کے بلاووں پر لانگ مارچ میں حصہ لے سکتے ہیں تو کیا ایک ایسا کام جس میں سراسر اللہ کی خشنودی اور جزا ہے ساتھ نہیں دے سکتے ؟آئیں اور اپنے اندر کے اس انس کو جگائیں جس سے خدائے بزرگ و برتر نے آپ کو نوازا ہے، خدا ہم سبکو نیکی کی توفیق دے۔آمین۔

Fozia Iffat

Fozia Iffat

تحریر : ڈاکٹر فوزیہ عفت