انسانی جانیں بچانے کیلئے خیبر پختون خوا حکومت ہیلی کاپٹر خریدے گی

Helicopter

Helicopter

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت نے قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال میں انسانی جانوں کو بچانے کے لیے ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پشاور میں دس منزلہ ایمرجنسی سینٹربھی قائم کیا جا رہا ہے۔ہنگامی حالات میں انسانی جانیں بچانے کیلئے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں سات ارب روپے کی لاگت سے ایمرجنسی سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔ جس کیلئے امدادی ہیلی کاپٹر آئندہ چند ماہ میں اسپتال انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا۔

اسپتال میں تعمیر ہونے والے دس منزلہ ایمرجنسی سینٹر کی چھت پر ہیلی پیڈ بھی بنایا جائے گا۔ اپنی نوعیت کے منفرد اور ایمرجنسی سینٹر کی ڈیزاننگ اور تعمیر کا ٹھیکہ بین الاقوامی فرموں کے حوالے کیا گیا ہے۔ ایمرجنسی سینٹر جنوری 2015 تک کام شروع کرے گا۔ اگر بین لاقوامی ماہرین وقت پہ یہ پروجیکٹ مکمل نہیں دینگے تو جرمانہ عائد کیا جا ئے گا۔ ایمرجنسی سینٹر ہنگامی صورتحال میں فوری امداد کی فراہمی کا ملک میں پہلا بڑا ادارہ ہو گا۔ ہیلی کاپٹر کے لیے دو پائلٹ اوردیگر عملہ بھی جلد بھرتی کر لیا جائے گا۔