سیکڑوں مساجد میں آج ہزاروں افراد اعتکاف میں بیٹھیں گے

Itikaf

Itikaf

کراچی (جیوڈیسک) شہر کی سیکڑوں مساجد میں اعتکاف کیلیے انتظامات مکمل کر لیے گئے، ہزاروں افراد آج (بیسویں رمضان) اعتکاف میں بیٹھیں گے۔

مساجد کی انتظامیہ نے اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف جمع کرلیے، مساجد میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، ہر سال کی طرح رواں سال بھی کراچی سمیت ملک بھر کے لاکھوںافراد اعتکاف میں بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے۔

اللہ تعالی کے مہمان بن جائیں گے، اعتکاف میں شرکت کیلیے لوگ 20 ویں رمضان کو عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوں گے اور عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی اعتکاف ختم ہو جائے گا ، شہر کی بڑی مساجد میں معتکفین کیلیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہو گا جہاں ہر سال ہزاروں افراد اعتکاف میں بیٹھتے ہیں اعتکاف کے دیگر بڑے اجتماعات نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جناح مسجد برنس روڈ، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، گلزار حبیب سولجر بازار، میمن مسجد مصلح الدین گارڈن، کنزالایمان مسجد گرومندر، مدنی مسجد عزیز آباد، جامعہ مسجد بنوری ٹائون، جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ و دیگر مساجد میں ہوں گے۔

اعتکاف کے اجتماعات میں آئمہ و خطبا قرآن کی تفاسیر بیان کریں گے، اعتکاف کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی و استحکام ، دہشت گردی کے خاتمے اور امت مسلمہ کی سربلندی کیلیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

آخری عشرے کی طاق راتوں میں مسلمان پوری رات اللہ کے حضور عبادات کرتے ہوئے اپنی حاجات و مناجات پیش کریں گے، شہر بھر میں رمضان کی 21 شب سے محافل شبینہ منعقد ہوں گی جن سے علمائے کرام خطاب کریں گے شہر کی بیشتر مساجد میں معتکفین کو مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے سحری و افطار فراہم کی جائیگی۔