ایران خطے میں دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے: حسن روحانی

 Hassan Rohani

Hassan Rohani

تہران (جیوڈیسک) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں امن کے لئے ایران کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اور ہم خطے میں دہشت گردوں کے خلاف ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں، عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری مذاکرات پراپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے تاہم جوہری پروگرام کے حوالے سے اعتماد سازی کی فضا کو بحال کرنے کے لئے مزید شفافیت قبول کرنے کو تیار ہیں۔

ملک کی ترقی کے لئے سول جوہری ٹیکنالوجی کا حصول ہمارا حق ہے اور اپنے اس حق سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے امریکہ روانگی سے قبل ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حسن روحانی کا کہنا تھا کہ مشرق وسطی کے لو گ دہشت گردوں کے خلاف خود ہی اپنا دفاع کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک میں جہاں کہیں بھی دہشت گردی ہو گی تو حکومت اور فورسز ان ممالک کی حکومتوں کی مدد کرے گی،مشرق وسطی میں آج ہر جگہ بد امنی، قتل و غارت گی اور خوف کی لہر پھیلی ہوئی ہے لیکن ایران خطے میں امن کے لئے اہمیت کا حامل ملک ہے۔

ایران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے حسن روحانی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ چھ عالمی طاقتوں اور جرمنی کے ساتھ جوہری پروگرام کے حوالے سے ہونے مذاکرات پر ایران اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا تاہم جوہری پروگرام کے حوالے سے اعتماد سازی کی فضا کو بحال کرنے کے لئے مزید شفافیت قبول کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے سول جوہری ٹیکنالوجی کا حصول ہمارا حق ہے اور اپنے اس حق سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔