ایران سمیت تمام اسلامی ممالک سے متعلق خارجہ پالیسی غیر جانبدارانہ ہے، دفترخارجہ

Tasneem Aslam

Tasneem Aslam

اسلام آباد (جیوڈیسک) دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان کی ہمسایہ اور مسلم ممالک سے متعلق خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان اور بحرین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر آمادہ ہیں اور بحرین کے شاہ کے دورہ پاکستان کے دوران کئی معاہدوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔

انہوں نے امریکی اخبار نے اسامہ بن لادن سے متعلق جو خبر شائع کی ہے وہ بے بنیاد اور قیاس آرائیوں پر مبنی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان کی ایران سمیت تمام اسلامی اور ہمسایہ ممالک سے متعلق خارجہ پالیسی غیر جانبدارانہ ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

ملائیشیا کے لاپتا طیارے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملائیشیا یا چین نے طیارہ پاکستان میں اتارنے کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا اور ہم طیارے کی تلاش میں ملائیشیا کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوانتاناموبے جیل میں 5 پاکستانی قیدی سیف اللہ پراچہ، ماجد خان، غلام احمد، محمد احمد ربانی اور عمار علی بلوچی موجود ہیں جن کی رہائی کے لئے امریکا سے درخواست کی گئی ہے اور امکان ہے کہ انہیں جلد رہا کردیا جائے گا ۔