عراق 10 سیٹلائٹ ٹیلیویژن چینلز کے لائسنس منسوخ

Iraq

Iraq

بغداد(جیوڈیسک)عراق نے 10 سیٹلائٹ ٹیلیویژن چینلز کے لائسنس منسوخ کر دیے۔ عراق نے 10 سیٹلائٹ ٹیلیویژن چینلز کے لائسنس منسوخ کر دیئے ہیں جن میں قطر کا الجزیرہ ٹیلی ویژن بھی شامل ہے جبکہ ملکی میڈیا پر نظر رکھنے والے ادارے کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ لائسنس تشدد اور فرقہ واریت کے فروغ کی وجہ سے منسوخ کئے گئے ہیں۔

کمیونیکیشن اینڈ میڈیا کمیشن کے سربراہ مجاہد ابوالہیل نے بتایا کہ ہم نے بعض سیٹلائٹ چینلز کے لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے تشدد اور فرقہ واریت کو فروغ دینے والی زبان اپنائی تھی۔ اس کا مطلب ہے کہ عراق میں ان کا کام اور سرگرمیاں بند کی گئی ہیں تاکہ وہ عراق میں کسی سرگرمیوں کی کوریج نہ کرسکیں۔

معطل کئے گئے چینلز میں عرب ٹیلی ویژن نیٹ ورک الجزیرہ اور شرقیہ شامل ہے جو کہ عراقی سرکردہ چینل ہیں۔ یہ اقدام ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب منگل کے روز شروع ہونے والے تشدد اور سیکورٹی فورسز اور سنی عرب مظاہرین کے درمیان شمالی عراق میں جھڑپیں شروع ہوئیں۔

جن میں 215 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ شیعہ اکثریتی ملک میں سنی علاقوں میں یہ جھڑپیں اب تک 4 ماہ کے دوران سب سے ہلاکت خیز تشدد کے واقعات ہیں۔