اسلام آباد ایئرپورٹ کو سرچ آپریشن کے بعد کلیئر قراردے دیا گیا، متعدد مشتبہ افراد گرفتار

اسلام آباد ایئرپورٹ کو سرچ آپریشن کے بعد کلیئر قراردے دیا گیا، مسافروں کو ایئرپورٹ میں گاڑیاں لے جانے کی اجازت دے دی گئی۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق رات گئے دہشت گردی کی دھمکیاں ملنے کے بعد اسلام آباد ایئر پورٹ کو رینجرز نے گھیرے میں لے لیا تھا جبکہ ایئر پورٹ جانے والے ایک راستے کے علاوہ تمام راستے سیل کر دیئے گئے تھے۔

ایئر پورٹ حکام نے دھمکیوں کے بعد ایئر پورٹ میں تلاشی معمول کی کارروائی قرار دیا تھا۔ سرچ آپریشن کے دوران ایئرپورٹ کے اندر آنے والی گاڑیوں کو بھی باہر روک دیا گیا جس کے باعث ایئرپورٹ کے باہر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں تاہم ایئرپورٹ کو کلیئر قرار دینے کے بعد مسافروں کو ایئرپورٹ میں گاڑیاں لے جانے کی اجازت دے دی گئی۔ پولیس نے سرچ اآپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کر لیا۔