کراچی کی صورتحال پر وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس 3 ستمبر کو کراچی میں ہو گا

اسلام آبا: کراچی کی صورتحال پر وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس 3 ستمبر کو کراچی میں ہو گا’ سٹیک ہولڈر کے درمیان کراچی میں سرجیکل آپریشن پر اتفاق کا امکان’ فوج کی طلبی کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں امن و امان سے متعلق وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس 3 ستمبر کو کراچی میں طلب کرنے کی منظوری دیدی ہے اور اس ضمن میں متعلقہ شخصیات اور حکام کوبھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ کے اراکین کے علاوہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد’ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ’ ڈی جی آئی ایس آئی’ ڈی جی آئی بی’ آئی جی سندھ’ ڈی جی رینجرز اور اعلیٰ حکام بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ایم کیو ایم کی نمائندگی لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں ڈاکٹر فاروق ستار کو بطور خصوصی مہمان مدعو کیا جائے گا۔

اجلاس میں سندھ میں امن و امان کی مجموعی اور بالخصوص کراچی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور قیام امن کے لئے ممکنہ اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ اس بات کا امکان ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کراچی میں قیام امن کے لئے سرجیکل آپریشن پر اتفاق کرلیں گے تاہم کراچی میں فوجی طلب کرنے سے متعلق ایم کیو ایم کے مطالبے پر بھی غور کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ڈاکٹر فاروق ستار بریفنگ دیں گے۔