لاہور: پرانی انار کلی کی فوڈ اسٹریٹ میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق

Anarkali

Anarkali

لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے مصروف ترین علاقے پرانی انارکلی کی فوڈاسٹریٹ میں بم دھماکا ہوا جس سے تین افراد جاں بحق اور چالیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ دہشت گردوں نے پاکستان کے دل لاہور کو نشانہ بنا ڈالا۔ پرانی انارکلی کی فوڈ اسٹریٹ میں ٹائم ڈیوائس کے ذریعے دھماکا کیا گیا۔

دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں آدھا کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد کالے رنگ کے ایک بیگ میں رکھا گیا تھا۔ دھماکے کے فورا بعد ڈی سی او لاہور نسیم صادق دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئے اور صورت حال کا جائزہ لیا۔

فوڈ اسٹریٹ میں موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ ویک اینڈ ہونے کی وجہ سے رش زیادہ تھا لیکن کسی قسم کی سیکیورٹی کے انتظامات نہیں کئے گئے۔ دھماکے کے زخمیوں کو ریسکیو کے عملے نے میواسپتال منتقل کردیا ہے۔ ان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔