لاہور واقعے میں اب تک 66 افراد کو گرفتار کیا: پولیس

Lahore Incident

Lahore Incident

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پولیس کا کہنا ہے کہ گریٹر اقبال پارک واقعے میں اب تک 66 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

لاہور پولیس کے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال نے بتایا کہ کیس میں اب تک 300 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی ہے جس میں 100سے زائد افراد کو ابتدائی تفتیش کے لیے تحویل میں لے کر ان کی جیو فینسنگ اور فیس میچنگ کروائی گئی ہے۔

شارق جمال کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل موبائل فرانزک سے ملزمان کی موجودگی کا تعین کرکے 66 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس میں سے 40 گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے شناخت پریڈ کے لیے بھیجا جا رہا ہے اور شناخت پریڈ کا عمل مکمل ہونے پر مزید تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔

ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ متاثرہ خاتون اور اس کے دیگر ساتھی ملزمان کی شناخت کریں گے جب کہ مقدمے میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

یاد رہے کہ لاہور میں 14 اگست کو گریٹر اقبال پارک میں سیکڑوں افراد نے خاتون ٹک ٹاکر سے بدتمیزی کی،کپڑے پھاڑ ڈالے اور ہوا میں اچھالتے رہے تھے، واقعے کی فوٹیج وائرل ہونےکے بعد 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر گزشتہ روز ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ج بکہ ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا، دونوں متعلقہ افسران کو سی پی او آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔