مائیک پومپیو کی ابو ظبی کے ولی عہد سے خطے میں ایرانی خطرے سے نمٹنے کے لیے بات چیت

Mike Pompio

Mike Pompio

ابوظبی (جیوڈیسک) امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ابوظبی میں ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے خطۂ خلیج میں سلامتی کی صورت حال اور ایران کے خطرے سے نمٹنے کے بارے میں بات چیت کی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں امریکی مشن نے قبل ازیں ایک ٹویٹ میں یہ اطلاع دی تھی کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو ابو ظبی کے دورے کے موقع پر دنیا میں دہشت گردی کی ریاست کی سطح پر اسپانسر کرنے والے ملک سے نمٹنے کے لیے ایک عالمی اتحاد کی تشکیل سے متعلق امور پر گفتگو کریں گے۔

وہ سوموار کو سعودی عرب کے دورے کے بعد متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت پہنچے ہیں۔انھوں نے جدہ میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بالخصوص خلیج میں جہازرانی کی سکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینیر عہدہ دار نے قبل ازیں کہا تھا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایک اتحاد تشکیل دے رہا ہے تاکہ خلیج میں محفوظ جہاز رانی کے لیے آبی گذرگاہوں کا تحفظ کیا جاسکے۔امریکا خلیج عُمان میں آئیل ٹینکروں پر حالیہ حملوں کے بعد سے اپنےعلاقائی اتحاد یوں سے بات چیت کررہا ہے۔امریکا نے ایران پر اس حملے کا الزام عاید کیا ہے جبکہ ایران نے اس کی تردید کی ہے۔