منی بجٹ قومی اسمبلی سے منظور کرانا مشکل ہو گا، احسن اقبال

Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ یہ حکومت اسمبلیوں کے ذریعے ٹیکس نافذ نہیں کرتی، ٹیکسوں کے نفاذ کے لیے آرڈیننس لاتی ہے، منی بجٹ قومی اسمبلی سے منظور کرانا حکومت کیلئے مشکل ہوگا۔

احسن اقبال نے کہا کہ المیہ ہے حکومت نے پارلیمنٹ کو غیر متعلق کردیا ہے، یہ حکومت ٹیکسوں کا نفاذ اسمبلی کے ذریعے نہیں بذریعہ آرڈیننس کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو بھی پاس کیا وہ عددی اکثریت کی بنیاد پر کیا ہے، حکومت حلیف جماعت ایم کیو ایم اور ق لیگ سے مل کر ظالمانہ اقدامات پاس کرالیتی ہے۔

احسن اقبال نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کو حکومت اپنی وکٹ کہتی تھی، کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں حکومت کی وکٹ کلین بولڈ ہوچکی ہے، انتخابات میں کے پی کے عوام نے مہنگائی کے خلاف فیصلہ دیا ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اگلے سربراہی اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے گا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ 23 مارچ کو اپوزیشن کا بھرپور مارچ حکومت کیلئے آخری جھٹکا ہوگا، حکومت اب عوام کی تائید کھوچکی ہے، جو تھوڑی بہت تھی اس سے بھی محروم ہوچکی ہے۔