ہالی وڈ کی نئی فلم کلاؤن کا ٹریلر جاری

Clown

Clown

نیویارک (جیوڈیسک) دل دہلا دینے والے واقعات اور جسم میں خوف کی لہر پیدا کر دینے والے مناظر سے بھر پور ہالی وڈ کی نئی ہارر فلم کلاوٴن کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے۔

ہدایتکار جون واٹس کی ڈائریکشن میں بننے والی اس فلم کی کہانی ایسے شخص کے گِرد گھومتی ہے جواپنے بیٹے کی چھٹی سالگرہ پر مسخرے کا روپ دھار کر اُسے خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیتا ہے لیکن صورتحال اس وقت خوفناک ہو جاتی ہے جب یہ شخص ہزار کوشش کے بعد بھی مسخرے کا لباس اپنے جسم سے الگ نہیں کرپاتا۔

اس سنسنی خیز فلم میں ہالی وڈ اداکار پیٹر اسٹورمر مرکزی کردار میں جلوئہ گر ہورہے ہیں جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں لورا ایلن، کرسچن ڈسٹیفینو، ایلیزبیتھوائٹ میئر اور اینڈی پاور شامل ہیں۔

دلچسپ حلیے اور مضحکہ خیز حرکا ت سے لوگوں کو ہنسانے والا مسخرے کو ایک خطرناک قاتل کے روپ میں دیکھنے کیلئے آپ کو تھوڑا انتظار کرنا ہو گا کیونکہ فلم کی ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا تاہم فلم رواں سال ہی سنیما گھروں کی زینت بنائی جائیگی۔