ممبئی دھماکوں کے ملزم ابو سلیم پر جیل میں قاتلانہ حملہ

Abu Salem

Abu Salem

نئی دہلی (جیوڈیسک) مبئی دھماکوں کے ملزم ابو سلیم پر ممبئی کی تلوجا سینٹرل جیل میں قاتلانہ حملہ، گولی لگنے سے زخمی، ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ ابو سلیم کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ممبئی میں 1993 میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے ملزم ابو سلیم انصاری عرف ابو سالم ممبئی کی تلوجا سینٹرل جیل میں ایک حملے میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔

ممبئی کے جوائنٹ کمشنر لا اینڈ آرڈر دیون بھارتی نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابو سلیم کو ایک گولی لگی ہے اور انھیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جوانئٹ کمشنر نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطابق ابو سلیم کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دیون بھارتی کے مطابق تلوجا جیل میں ایک قیدی دیویندر بابو رائو جگتاپ نے ابو سلیم پر گولی چلائی ہے۔

جگتاپ ایڈووکیٹ سعید اعظمی کے قتل کے حوالے سے سزا پوری کر رہے ہیں۔ سعید اعظمی 26 نومبر 2008 میں ممبئی میں کیے گئے دہشت گردانہ حملے میں مبینہ طور پر ملوث بہت سے بے قصور لوگوں کا مقدمہ لڑنے کے لیے جانے جاتے ہیں جن کا فروری سنہ 2010 میں قتل کر دیا گیا تھا۔ اس سوال پر کہ جیل میں ہتھیار کس طرح پہنچے جوائنٹ کمشنر نے کہا کہ اس معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ 2010 میں بھی ابو سلیم پر جیل میں حملہ ہوا تھا۔ اس وقت وہ ممبئی کے آرتھر روڈ جیل میں بند تھے۔ اس کے بعد ہی ان کو تلوجا جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔ انھیں 2005 میں ممبئی دھماکوں میں مبینہ کردار کے لیے پرتگال سے بھارت بلوایا گیا تھا۔ ممبئی میں 1993 میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں میں 257 افراد ہلاک ہوئے تھے اور ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ ابو سلیم کے خلاف قتل، اغوا اور تاوان طلب کرنے کے 60 سے زیادہ مقدمات ہیں۔