اخوان المسلمون کا معزول صدر مرسی بحالی تک روزانہ مظاہرے کرنے کا اعلان

Muslim Brotherhood

Muslim Brotherhood

مصرمیں معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں کے خلاف فوج کا کریک ڈاون جاری ہے اور ہزار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ قاہرہ میں مظاہرین کی گرفتاری کے لئے فوج نے مسجد کا محاصرہ کرلیا مصر میں جاری بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ جمہوریت کی بحالی کے لئے اٹھنے والی آوازوں کو سیکورٹی فورسز طاقت کا بے دریغ استعمال کر کے دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔

معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں کی جانب سے منائے جانے والے یوم غضب کے دوران فوج اور مظاہرین میں جھڑپوں سے قاہرہ کے گلی کوچے میدان جنگ میں تبدیل ہوگئے۔ فوج نے مارچ روکنے کے لئے مظاہرین پر ٹینکوں سے چڑھائی کردی، آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی۔ فوج نے مظاہرین کو ہیلی کاپٹر سے بھی نشانہ بنایا۔ قاہرہ سمیت مختلف شہروں میں فوج کی کاروائی میں سو سے زائد مظاہرین جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

ملک میں ایمرجنسی نافذ ہے اور چودہ شہروں میں کرفیو لگا دیا دیا گیا ہے اس کے باوجود حکومت اور سیکورٹی فورسز احتجاج روکنے میں ناکام رہے ہیں۔ بدھ سے ہونے والی فوجی کارروائی میں اب تک سات سو زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اخوان المسلمون نے فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کے باوجود معزول صدر محمد مرسی اور جمہوری حکومت کی بحالی تک روزانہ مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے۔