مذاکراتی کمیٹیوں سے متعلق حکومت خود کلیئر نہیں، خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کچہری واقعے کو ایجنسیوں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسلام آباد کچہری میں دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لیے سراغ رساں کتوں کا استعمال کرلیا جاتا تو شاید حکومت کو کچھ کامیابی مل جاتی۔

واقعے کے وقت نیکٹا اور ریپڈ فورس کہاں تھی، وزیر داخلہ اپنی ناکامی کا اعتراف کریں، طالبان افواج پاکستان کو اپنا سب سے بڑا دشمن سمجھتے ہیں، مذاکراتی کمیٹیوں کے حوالے سے حکومت خود کلیئر نہیں ہے۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے اپنے چیمبر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نئی کمیٹی آئے گی یا یہی کمیٹی چلے گی۔ ہمارا موقف واضح ہے کہ مذاکراتی عمل کا فوج کو حصہ نہیں بنانا چاہیے۔

انھوں نے کہا ہے کہ بارہا طالبان کہہ چکے ہیں کہ جنرل کیانی یا موجودہ آرمی چیف کے ساتھ ان کی کوئی ذاتی رنجش نہیں بلکہ وہ افواج پاکستان کے مخالف ہیں۔