غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والے افراد کے خلاف غیر جانبدارانہ اور سخت کاروائی کرنے کی ہدایات

اسلام آباد : سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد نے سی ڈی اے کی ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کو اسلام آباد میں کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کرنے اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والے افراد کے خلاف غیر جانبدارانہ اور سخت کاروائی کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ کاروائی کے دوران غیر معیاری، ملاوٹ شدہ اور حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے۔

ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سی ڈی اے کی ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ نے کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کرنے اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والے افراد کے خلاف غیر جانبدارانہ بھرپور کاروائی میں مصروف ہے۔

پچھلے ہفتہ میں کاروائی کے دوران ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز نے 34دکانوں کو نوٹس جبکہ 14دکانوں کو چالان جاری کئے اس کے علاوہ سی ڈی اے کے ہفتہ وار اتوار بازار میں گنے کا غیر معیاری جوس فروخت کرنے والے 3سٹالز کو جزوی طور پر سر بمہر کر دیا۔ اس کاروائی کے دوران غیر معیاری برتنوں، خراب پھلوں اور غیر معیاری کیچپ کی بڑی مقدار کو ضبط کرنے کے بعد تلف بھی کر دیا گیا۔