عوام سرمائے سے اقتدار خریدنے والوں کو مسترد کردیں عمران چنگیزی

کراچی : نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا ہے کہ انتخابات کی تیاریاں اور انتظامات کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے جیسے پاکستان اور عوام پر بہت برا وقت آنے والا ہے۔

کیونکہ داخل کردہ گوشواروں کے مطابق اس ملک کے غریب سیاستدانوں کی جانب سے انتخابی مہم پر اربوں کھروبوں روپے کی انویسٹمنٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ سیاسی جماعتیں و قیادتیں منافق اور جھوٹی ہیں اور قوم کیساتھ الیکشن کمیشن کو بھی دھوکا دے رہی ہیں۔

جبکہ اربوں روپے انویسٹ کرکے اقتدارمیں آنے والی جماعتیںپاکستان میں جمہوریت کے عدم استحکام کے تحت سب سے پہلے اپنی انویسٹمنٹ مَنی سود سمیت ریکور کرنے کیلئے آئین و قوانین کی پامالی انصاف و حقوق کی خرید و فروخت اور کرپشن ولوٹ مار کا سہارا لیں گے جو یقیناملک و قو م کو بھیانک عذاب سے دوچار کردے گا۔

اگر خدا نخواستہ کوئی اور قوت ان سیاسی جماعتوں پر انویسٹ کررہی ہے تو اس کے مفادات کیا ہیں اور ان کی تکمیل کیلئے پاکستان و عوام کو کون کون سے زخم مزید ملیں گے اس کا تصور بھی انتہائی خوفناک ہے۔

اسلئے عوام اپنے اور اپنی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے اربوں روپے کے سرمائے سے انتخابی مہم چلانے والی سیاسی جماعتوں کو ووٹ دینے یا اقتدار میں لانے کی غلطی و بھول نہ کریں۔