عوام دشمن استحصالی عناصر مشرف کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، شاہد قریشی

کراچی : بینظیر بھٹو قتل کیس اورججز نظر بندی کیس کے بعد اب بینظیر بھٹو قتل کیس میں بھی عدم ثبوت کی بناء پر عدلیہ کی جانب سے مشرف کی ضمانت اور رہائی کے احکامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ مشرف پر قائم تمام مقدمات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں اور قیام پاکستان سے آج تک عوام کا استحصال کرنے والے عناصر و طبقات عوام کو خوشحال و با اختیار بنانے کی پاداش میں مشرف کیخلاف انتقامی کاروائی کر رہے ہیں مگر اللہ کی رحمت اور پاکستان کے عوام مشرف کے ساتھ ہیں اور جس کے ساتھ اللہ اور پاکستان کے عوام ہوں اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ مشرف بہت جلد انہی عدالتوں سے باعزت بری ہو کر عوام کے اعتماد سے ایک بار پھر اقتدار میں آکر ملک و قوم کی خدمت کرینگے۔

یہ بات اے پی ایم ایل سندھ کے رہنماؤں مسلم بھٹو ‘ شاہد قریشی ‘وصی الدین’ اسلم مینائی ‘محمد بخش لاشاری ‘ نائلہ انعام ‘ فیروزہ وارثی ‘نجمہ مینائی اور انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید ود یگر عہدیداران نے سپریم کورٹ کی جانب سے مشرف کی ضمانت ورہائی پرآل پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے مرکزی سیکریٹریٹ واقع اے پی ایم ایل ہاؤس کشمیر روڈ کراچی میں منائے گئے ”یوم تشکر ”کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

یوم تشکر و جشن مسرت میں مشرف کی ضمانت پررہائی پر شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے’ صدقے کے بکرے کاٹے گئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں جبکہ کارکنان و عہدیداران نے ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں ‘اپنی مسرت کے اظہار کیلئے بھنگڑے ڈالے اور والہانہ رقص کیا۔