پشاور ہائی کورٹ کا جعلی و غیر معیاری ادویہ کیخلاف کریک ڈاون کا حکم

Peshawar High Court

Peshawar High Court

پشاور (جیوڈیسک) چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس دوست محمد خان نے کل سے صوبہ بھر میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خلاف کریک ڈاون کا حکم دے دیا۔جعلی اور غیر معیاری ادویات سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران اپنے ریمارکس میں چیف جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ ڈرگ ایکٹ 1976 میں جان بوجھ کر ڈرگ مافیا کو تحفظ دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے اہلکار بھی ڈرگ مافیا سے ملے ہوئے ہیں۔

چیف جسٹس نے جعلی اور غیرمعیاری ادویات کے خلاف کارروائی کی رپورٹ 45 دن میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت عالیہ نے پولیس، اینٹی کرپشن اور محکمہ صحت کو ڈرگ مافیا کے خلاف مشترکہ کارروائی کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے لائسنس منسوخ ہونے چاہئیں اوراس کاروبار میں ملوث افراد کی سزا بھی بڑھا دی جائے۔