پشاور میں جوڈیشل کمپلیکس میں خود کش دھماکا ،4 افراد جاں بحق،27 زخمی

Peshawar Blast

Peshawar Blast

پشاور(جیوڈیسک)پشاور میں جوڈیشل کمپلیکس میں خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد4 ہو گئی ہے،واقعے میں 27 افراد افراد زخمی بھی ہو ئے جن میں وکلا بھی شامل ہیں۔دھماکے کے بعد شدید نوعیت کی فائرنگ بھی کی گئی جس کا سلسلہ اب بھی جا ری ہے ۔ عینی شاہدین کے مطابق دہشتگردوں نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں گھسنے کی کوشش کی اور ایڈیشنل سیشن جج کے کمرے میں دستی بم پھینکا۔

صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین کے مطابق ایک حملہ آور نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑایا اور کچھ افراد کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔دہشت گرد عمارت میں اب بھی موجود ہیں۔وزیر اطلاعات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ہشتگردوں کے ساتھی جیل اورعدالت میں ہوں، جنھیں چھڑانے آئے ہوں۔

خود کش دھماکے کے بعد پاک آرمی کے جوان بھی پہنچ گئے ہیں۔ دھماکے سے دفاتر کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔امدادی کارکنان نے اب تک4افراد کی لاشیں اور27زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا ہے۔سیکیورٹی اہلکاروں نے جوڈیشل کمپلیکس کو اپنے حصار میں لے لیا ہے اور عام افراد کو وہاں جانے سے روک رہے ہیں۔