پشاور کے مدرسہ حسینیہ میں خودکش دھماکے کیخلاف مختلف شہروں میں مظاہرے

Peshawar Protest

Peshawar Protest

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں ہوئے خودکش دھماکے کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں شیعہ تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ پشاور کے مدرسہ حسینیہ میں نمازجمعہ سے قبل ہونیوالے خود کش دھماکے میں معروف عالم دین علامہ عارف حسین الحسینی کے پوتے 10 برس کے مہدی الحسینی بھی جاں بحق ہوئے۔ مہدی الحسینی کی میت پارا چنار پہنچائی گئی، جہاں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں ان کے دادا علامہ عارف حسین الحسینی کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

دوسری جانب پشاور کے مدرسے میں خود کش حملے کیخلا ف اسکردو میں مجلس وحدت المسلمین کے تحت احتجاجی ریلی نکالی گئی اور یادگارِ شہدا پر مظاہرہ کیا گیا۔ کوئٹہ کے علمدار روڈ سے بھی مجلس وحدت المسلمین کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ملتان میں شیعہ علما کونسل نے نواں شہر چوک پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

سرگودھا میں مختلف شعیہ تنظیموں نے مرکزی امام بارگاہ بلاک 7 کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ سکھر کی حسینی امام بارگاہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملت جعفریہ کے قائد علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ی میں مذہبی جماعتیں ملوث نہیں بلکہ کچھ گروہ تفریق پھیلارہے ہیں۔ کراچی اور خیبرپختونخوا میں ناصرف اراکین اسمبلی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے بلکہ مساجد اور امام بارگاہیں بھی محفوظ نہیں۔