صدر پوتن کی طرف سے صدر ایردوان کو نئے سال کی مبارکباد

President Erdogan - President Putin

President Erdogan – President Putin

ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) روس کے صدر ولادی میر پوتن نے کہا ہے کہ روس اور ترکی کی کوششوں سے شام میں سیاسی حل کا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

کل صدارتی پیلس کریملن سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق صدر پوتن نے صدر رجب طیب ایردوان کو نئے سال کی مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔

صدر پوتن نے صدر ایردوان کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی اور کہا ہے کہ روس اور ترکی نے توانائی اور فوجی تکنیکی تعاون کے شعبوں سمیت دو طرفہ مفادات کے حامل اسٹریٹجک منصوبوں کے اطلاق میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

پوتن نے کہا ہے کہ روس اور ترکی کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے نئے اور امید افزا شعبوں کا تعین ہو گیا ہے۔

مسئلہ شام کے بارے میں بھی ترکی اور روس کی مشترکہ کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ماسکو اور انقرہ نے شام میں دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں مل کر کام کیا ہے اور مشترکہ کوششوں سے اس ملک میں مسئلے کے سیاسی حل کا عمل شروع کروایا ہے۔

آئندہ سال ترکی اور روس کے درمیان سفارتی تعلقات کی 100 ویں سالگرہ کی بھی یاد دہانی کرواتے ہوئے پوتن نے کہا ہے کہ ” میں امید کرتا ہوں کہ یہ اہم سالگرہ دو طرفہ تعاون کے فروغ میں نئی کامیابیوں کو یقینی بنائے گی”۔