صدر زرداری کو بیرون ملک جانے سے روکنے کی درخواست پر وفاق کو نوٹس

President Zardari

President Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے ایبٹ آباد آپریشن میں مشکوک کردار پر صدر زرداری کو بیرون ملک جانے سے روکنے کی درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کر دیا۔ جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ایبٹ آباد آپریشن میں مشکوک کردار پر صدر زرداری کو بیرون ملک جانے سے روکنے کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار شاہد اورکزئی نے موقف اختیار کیا کہ صدر آصف علی زرداری کو ایبٹ آباد آپریشن کا علم تھا۔ بحیثیت صدر ان کا فرض تھا کہ وہ مسلح افواج کو آگاہ کرتے، درخواست گزار نے کہا کہ صدر زرداری کی مدت نو ستمبر کو پوری ہو رہی ہے۔

مدت پوری ہونے کے بعد وہ بیرون ملک روانہ ہوجائیں گے۔ صدارتی مدت پوری ہونے کے بعد آصف زرداری کو عدالت طلب کر کے ان سے اس بارے میں پوچھا جائے، سپریم کورٹ نے ایبٹ آباد آپریشن میں صدر کے مشکوک کردار پر وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت تین ستمبر تک ملتوی کر دی۔