سڑک پر کھڑی لوڈر ٹریکٹر ٹرالی سے شدید دھند کے باعث ٹکرانے سے 7 افراد موقع پر جاں بحق

ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ) ڈنگہ کے نواحی گائوں موضع لک میں گذشتہ صبح 5 بجے کے قریب گجرات جانے والی مسافر ہائی ایس سڑک پر کھڑی لوڈر ٹریکٹر ٹرالی سے شدید دھند کے باعث ٹکرانے سے 7 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 7 شدید زخمی ہو گئے، دھند نے بہن بھائی سمیت سات افراد کی جان لے لی، تفصیلات کے مطابق گجرات جانے والی مسافر وین شدید دھند کی وجہ سے گنے کی ٹرالی سے ٹکرا کر ٹرالی کے نیچے گھس گئی۔ ٹکر لگنے کے ساتھ ہی وین میں آگ لگی گئی جس کے نتیجہ میں بہن بھائی اور ڈرائیور سمیت سات افراد جاں بحق جبکہ سات زخمی ہو گئے۔

گجرات جانے والی وین نمبری 7611جب ڈنگہ کے نواحی گائوں موضع لک کے قریب پہنچی تو شدید دھند اور تیز رفتاری کی وجہ سے گزشتہ روز سڑک پر الٹنے والی گنے کی ٹرالی سے ٹکرا تے ہی نیچے جا گھسی ، اسی دوران شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی آگ نے مسافر ہائی ایس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجہ میں ڈرائیور افتخار احمد ولد محمد حیات ساکن بوسال سکھا، ظہیر احمد ولد ممتاز احمد اور اس کی بہن صفیہ بی بی دختر ممتاز احمد ساکنائے گوجرہ ، محمد اشرف ولد بشیر احمد ساکن گوجرہ ، اعجاز احمد ولد میاں خاں ، محمد عاشق ولد احمد خاں ساکنائے کھائی اورایک نامعلوم شخص سمیت سات افراد جل کر جاں بحق ہو گئے کہ ان کی شناخت کرنا ناممکن تھا۔

زخمی ہونے والوں میں ثاقب علی ولد محمد عاشق ساکن کھائی ، ندیم احمد ولد محمد انور ساکن ڈیرہ غازی خان ، ڈاکٹر اظہر وحید ولد پرویز اقبال ، محمد حیات ،خالد محمود پسران مولا بخش ساکنائے بوسال مسور اور اعجاز احمد ولد غلام علی ساکن کٹھیالہ شیخاں شامل ہیں ۔ زخمیوں کو الخدمت فائونڈیشن اور ریسکیو1122کی ایمبولینسز نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں پر ثاقب علی اور ندیم احمد زیادہ زخمی ہونے کی وجہ سے زیر علاج ہیں جبکہ دیگر زخمیوں کو ابتدائی طبی امدا د کے بعد فارغ کر دیا گیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق وین ٹرالی ٹکرانے کے فورا بعد آگ کی لپیٹ میں آ گئی جس کی وجہ سے اگلی سیٹوں پر موجود ساتوں افراد جل کر جاں بحق جبکہ باقی مسافروں نے گاڑی سے چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں بچائیں ۔