سفاری پارک پولیس مقابلہ جعلی نکلا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے سفاری پارک کے قریب ہونے والے پولیس مقابلے کی تحقیقاتی ٹیم نے ابتدائی رپورٹ تیار کر لی۔ رپورٹ کے مطابق گرفتار کئے گئے افراد بے گناہ ہیں۔ پولیس کا مقابلہ ڈاکوں سے نہیں بلکہ قبضہ مافیا سے ہوا تھا۔ تحقیقاتی ٹیم نے کراچی کے سفاری پارک میں ہونے والے مقابلے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سفاری پارک مقابلہ ڈاکوئوں سے نہیں بلکہ لینڈ مافیا سے تھا۔

ایس ایچ او گلستان جوہر ملک سلیم 20 لاکھ روپے دے کر ایک گروپ کا قبضہ کرانے گیا تھا۔ مقابلے کے بعد ہلاک کیا جانے والا ضامن شاہ ڈاکو نہیں بلکہ لینڈ مافیا کا کارندہ تھا۔ قبضے کی لڑائی رات 10 بجے شروع ہوئی تھی۔ تحقیقاتی ٹیم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مقابلے کے بعد پکڑے گئے تمام افراد بے گناہ ہیں۔

پکڑے جانے والوں میں ایک سیکورٹی گارڈ، ایک بریانی کی دکان پر کام کرنے والا اور ایک پنکچر کی دکان والا جبکہ دو محنت کش ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم کے مطابق گرفتار 9 افراد سمیت دو درجن پولیس اہلکاروں کے بیانات قلمبند کئے جا چکے ہیں۔ سفاری پارک میں مقابلے کے دوران ڈی ایس پی قاسم غوری سمیت 3 پولیس اہلکار شہید جبکہ پولیس کی جانب سے تین ڈاکوں کو مار نے کا دعوی کیا گیا تھا۔