سندھ پولیس میں شولڈرز پروموشن لینے والوں کی تنزلی کی سفارش

Sindh

Sindh

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کیلئے حکومت سندھ کی قائم کردہ کمیٹی نے سندھ پولیس میں خلاف ضابطہ تقرریوں اور ضم ہونیوالے افسران و اہلکاروں کی تنزلی اور واپسی کی سفارش کردی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد وسیم کی سربراہی میں کمیٹی نے 197 پولیس افسران و اہلکاروں کی اصل عہدوں اور محکموں میں واپس بھیجنے کی تجاویز دی ہیں ذرائع کے مطابق سمری تین روز قبل وزیر اعلی سندھ کو منظوری کے لئے بھیج دی گئی ہے۔

حکومت سندھ کی کیڈر اورنان کیڈر پوسٹوں پر ضم ہونے اور خلاف ضابطہ ترقی پانے والے افسران کو بھی واپس اصل عہدوں اور محکموں میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمیٹی نے خلاف ضابطہ ترقی پانے والے سول افسران کی ان کے عہدوں پر واپسی اور کیڈر پوسٹوں سے ہٹاکر محکموں میں بھیجنے کی سفارش بھی کی۔ حکومت سندھ نے 500 کے قریب پولیس اور سول افسران کو خلاف ضابطہ ترقیاں ختم کرنے، کیڈر پوسٹوں سے ہٹانے اور محکموں میں واپس بھیجنے کی حتمی تجاویز منظوری کے لئے وزیر اعلی سندھ کو بھیج دی ہیں۔

سپریم کورٹ نے 14 جون کو تین ہفتوں میں خلاف ضابطہ تقرری اور ترقیاں واپس لینے کا حکم دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ کو بعض قانونی ماہرین کی طرف سے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے مزید وقت دینے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔حکومت سندھ کو چند پولیس اور سول افسران کو کارکردگی کی بنیاد پر ایک ترقی دیئے جانے درخواست کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔