سندھ: آٹھویں جماعت تک اسکول بند کرنے کی تجویز

School

School

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ میں آٹھویں جماعت تک کے لیے اسکول بند کرنے کی تجویز سامنے آ گئی۔

محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں اسکول بند کرنے سے متعلق دو تجاویز سامنے آئیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران اسٹیرنگ کمیٹی کے کچھ ممبران نے سندھ میں آٹھویں جماعت تک کے لیے اسکول بند کرنے کی تجویز دی اور کچھ ممبران نے اسکولوں کو 15 روز کے لیے بند کرنے کا کہا تاہم کچھ ممبران نے تمام اسکول بند کرنے کی مخالفت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیرنگ کمیٹی کے بعض ممبران نے کہا کہ نویں تا بارہویں تک کلاسز جاری رکھی جائیں جب کہ اس موقع پر پرائیوٹ اسکولز کے نمائندے نے اعتراض اٹھایا کہ جب مارکیٹیں کھلی ہیں تو اسکول کیوں بند کیے جائیں؟

اجلاس کے بعد جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ اجلاس میں اسکولوں کوبند کرنے یا نہ کرنے کی 2 مختلف تجاویز سامنے آئی ہیں جنہیں این سی او سی میں پیش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیرنگ کمیٹی میں اسکولوں کی رمضان ٹائمنگ کے حوالے سے کوئی تجویز نہیں آئی۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورنا کے حوالے سے صورتحال کنٹرول میں ہے۔