سنیہا اولال دوبارہ بالی ووڈ میں جلوے دکھانے کیلیے تیار

Sneha Ullal

Sneha Ullal

ممبئی (جیوڈیسک) 2005ء میں فلم ’’لکی‘‘ سے بالی ووڈ میں آنے والی اداکارہ سنیہا اولال (Sneha Ullal) نے تامل اور تیلگو فلموں میں اپنی پرفارمنس کی دھاک بٹھانے کے بعد ایک مرتبہ پھر بالی ووڈ میں آمد کی تیاری شروع کر دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق سلمان خان جنہوں نے 2005ء میں اداکارہ کو اپنی فلم ’’لکی… نوٹائم فار لو‘‘ میں متعارف کرایا تھا کو ایک مرتبہ پھر بالی ووڈ میں دوسری اننگز شروع کرنے کے لیے مشورے دے رہے ہیں۔ فلم ’’لکی… نوٹائم فار لو‘‘ جو باکس آفس پر لوگوں کی بھر پور توجہ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتی تھی، اس کے باوجود سنیہا اولال کی پرفارمنس کو سراہا گیا اور ایشوریہ رائے سے مشابہت نے اسے کسی حد تک مشہور کر دیا۔

سنیہا اولال نے بھارتی خبر رساں ادارے کو انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ میں بالی ووڈ میں دوبارہ آمد کے لیے تیاری کر ہی ہوں اور سلمان خان میری مکمل رہنمائی کر رہے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم ’’لکی… نوٹائم فار لو‘‘ کے بعد بھی میرے سلمان خان سے رابطے رہے ہیں۔ جب میں نے پہلی فلم میں کام کیا تھا توبالی ووڈ یا فلم انڈسٹری کے متعلق کچھ معلوم نہیں تھا مگر اب میں سائوتھ کی متعدد فلموں میں اپنی اداکاری کا مظاہرہ کرچکی ہوں اس لیے بالی ووڈ میں دوبارہ آمد کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔