سخت مزاحمت کے باوجود صدر سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا

Encroachments

Encroachments

کراچی (جیوڈیسک) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے سخت مزاحمت کے باوجود صدر کے علاقے میں ٹھیلے، پتھارے اور دیگر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔

اور ایمپریس مارکیٹ ،رینبو سینٹر، جہانگیر پارک، شہاب الدین مارکیٹ کے علاوہ میرکریم علی تالپور روڈ، نیو پریڈی اسٹریٹ، دائود پوتہ روڈ، تاج کمپلیکس اور صدر پارکنگ پلازہ کی گلیوں میں غیرقانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی رئوف اختر فاروقی کی ہدایت پرہفتہ کی رات صدر کے علاقے میں آپریشن کیا گیا جو رات گئے تک جاری رہا جس میں دوبارہ قائم ہونے والی تجاوزات کو ہٹادیا گیا۔

ان تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کی آمدورفت اور ٹریفک جام جیسے مسائل پیدا ہو رہے تھے، تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے میں غیرقانونی طور پر قائم ہونے والی تجاوزات کیخلاف کارروائی کی گئی۔

محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان کی سربراہی میں اسسٹنٹ کمشنر سجاد ابڑو، ڈپٹی ڈائریکٹر کامران عباس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعمان سمیت انسداد تجاوزات کے عملے، ایس ایس پی سلمان اور پولیس کی بھاری نفری نے بھی حصہ لیا۔

محکمہ انسداد تجاوزات نے صدر کے مختلف علاقوں میں لگنے والے ٹھیلوں، پتھاروں اور دیگر تجاوزات کے خلاف کارروائی کی اور پارکنگ پلازہ کی گلیوں میں موجود ٹھیلوں سمیت دیگر تجاوزات کو صاف کر دیا، صدر پارکنگ پلازہ کے سامنے اسٹوڈنٹ بریانی کے اطراف کی گلیوں میں سیکڑوں کی تعداد میں ٹھیلے، پتھارے اور دیگر غیرقانونی تجاوزات کا بھاری مشینری کے ذریعے خاتمہ کردیا گیا۔

محکمہ انسداد تجاوزات نے صدر کے علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر نگرانی اور معائنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہیں جو ان علاقوں میں کارروائی کریں گی جہاں سے تجاوزات کو پہلے بھی صاف کیا گیا تھا، انھوں نے کہا کہ ایسے تمام علاقے جہاں سے تجاوزات کو ہٹا یا گیا ہے۔

خاص طور پر صدر ایمپریس مارکیٹ میں دوبارہ تجاوزات کو نہیں لگنے دیا جائے گا کیونکہ صدر شہر کا مرکزی اور کراچی کا دل ہے اور شہر کے ہر علاقے سے لوگوں کا یہاں سے گزر ہوتا ہے اور تجاوزات کی وجہ سے کراچی شہر کے مرکزی علاقے کی نہ صرف خوبصورتی متاثر ہوتی ہے بلکہ شہریوں کو بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔