طلبہ اس ظلم سے تنگ ہیں ، اگر امتحانی نتائج اچھے نہ آئے تو حکومت ذمہ دار ہو گی : مدثر احمد شاہ

لاہور (25-05-13) ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور نے کہا کہ انٹر کے امتحانات جاری ہیں اور اس اذیت ناک لوڈشیڈنگ میں امتحانات کی تیاری ناممکن ہو چکی ہے، ہر گھنٹہ کے بعد ایک گھنٹہ کیلئے بجلی بند ہو جاتی ہے اور پورے لاہور میں لوڈشیڈنگ کا مساوی شیڈول بھی نہیں ہے۔

لاہور اور اس سے ملحقہ بہت سے علاقے ایسے ہیں جہاں بجلی بہت کم آرہی ہے اور سولہ سے اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے اور کچھ علاقے ایسے بھی ہیں جہاں بجلی ایک یا دو گھنٹے آرہی ہے ۔اس اذیت ناک لوڈشیڈنگ میں طلبہ کیلئے ممکن نہیں کہ وہ اپنے امتحانات کی صحیح تیاری کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کو چاہیے کہ تعلیم پر توجہ دے ،لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے فوری اور مو ئثراقدامات اٹھائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر کے امتحانی مراکز میں نہ تو بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اور نہ ہی پینے کے لئے ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا گیا ہے۔

ناظم لاہور کا کہنا تھا کہ اگر لوڈشیڈنگ کا مساوی شیڈول نہیں دیا جاتاتو طلبہ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہونگے ۔ طلبہ اس ظلم سے تنگ آچکے ہیں، تیاری صحیح سے نہیں ہوپارہی اور اگر امتحانی نتائج صحیح نہیں آتے ہیں تو اس کی ذمہ دار بھی نگران حکومت ہوگی۔اس لئے نگران حکومت کو چاہیے امتحانات کے دوران ایسے اقدامات اٹھائے جن سے اس قوم کے نونہالوں کا مستقبل بچایا جا سکے۔