سوات: کالام میں ٹرک دریا میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 16 افراد جاں بحق، 7 زخمی

Swat

Swat

سوات (جیوڈیسک) سوات کے علاقے کالام میں ٹرک دریائے سوات میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 16 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔

افسوسناک واقعہ کالام کے علاقے پشمال میں پیش آیا جہاں ایک ٹرک بے قابو ہو کر دریائے سوات میں جا گرا۔ ٹرک میں ایک ہی خاندان کے تیئس افراد سوار تھے جو پنجاب سے اتڑو جا رہے تھے۔

حادثے میں بدقسمت خاندان کے دس بچے اور پانچ خواتین سمیت سولہ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ سات افراد شدید زخمی ہوئے جن میں دو خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔

اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور ٹرک سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کا کام شروع کر دیا۔

زخمیوں کو فوری طور پر کالام کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں تشویشناک حالت کے پیش نظر امدادی طبی امداد کے بعد سید و شریف ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔