یو اے ای:کرونا وائرس کے 294 نئے کیسوں کی تصدیق،کل تعداد 1798

UAE

UAE

یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 294 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 1798ہوگئی ہے۔

یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام نے اتوار کو محکمہ صحت کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’’ نئے کیسوں کا تعلق مختلف قومیتوں سے ہے۔ان تمام کی حالت مستحکم ہے اور انھیں ضروری نگہداشت کی ضرورت ہے۔‘‘

ان کا کہنا ہے کہ ’’یو اے ای میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں اضافہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ لوگ احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کررہے ہیں، وہ باہم سماجی فاصلہ نہیں رکھ رہے اور ایک دوسرے سے الگ تھلگ نہیں رہ رہے ہیں۔ان کے علاوہ بیرون ملک سے آنے والے افراد کی وجہ سے بھی متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہواہے۔‘‘

وزارت صحت نے آج کرونا وائرس کا شکار 19 افراد کے صحت یاب ہونے کی بھی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ اب تک 144 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

قبل ازیں دبئی نے رات کے کرفیو کی مدت میں اتوار کو24 گھنٹے تک توسیع کر دی ہے۔اس دوران میں قومی صفائی پروگرام پر عمل درآمد جاری رہے گا۔ اس صفائی پروگرام کے دوران میں پہلے رات آٹھ بجے سے صبح چھے بجے تک کرفیونافذ ہوتا تھا۔اس مہم کے تحت سرکاری تنصیبات، عمارتوں، بس اسٹیشنوں اور ٹراموں کو مصفا کیا جارہا ہے۔

یو اے ای کی حکومت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 26 مارچ کو صفائی کی یہ قومی مہم شروع کی تھی،گذشتہ ہفتے اس میں پانچ اپریل تک توسیع کی گئی تھی اور یہ اتوار کو ختم ہورہی تھی۔اب اس میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی گئی ہے۔

وام نے وزارت برائے امورخارجہ اور بین الاقوامی ترقی کے حوالے سے مزید بتایا ہے کہ یو اے ای میں تمام اقامتی ویزوں کی مدت میں توسیع کردی جائے گی اور وزٹ ویزے پر آنے اور زاید المیعاد قیام کرنے والے تمام لوگوں پر عاید کردہ جرمانوں کو معاف کردیا جائے گا۔