یواے ای: کووِڈ-19 کے 1812 نئے کیسوں کی تشخیص، پانچ مریض چل بسے!

UAE Coronavirus

UAE Coronavirus

یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 1812 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ اس مہلک وائرس کا شکار پانچ مریض وفات پا گئے ہیں۔

یو اے ای میں وسط مئی کے بعد ایک مرتبہ پھر کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی ہے۔اس سے پہلے یومیہ دوہزار کے لگ بھگ کیسوں کی تشخیص ہوتی رہی ہے۔

یو اے ای کی وزارت صحت نے ہفتے کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ سات امارتوں پر مشتمل ملک میں اب کووِڈ-19 کے کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 567263 ہوگئی ہے۔ان میں سے 1673 مریض وفات پا چکے ہیں۔

دریں اثناء حالیہ ہفتوں میں کووِڈ-19 کا شکار ہونے والے 1779 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب ملک میں تن درست ہونے والے کل کیسوں کی تعداد 547008 ہو گئی ہے۔

امارت ابوظبی کے حکام نے کام کی جگہوں پر حاضر ہونے والے ملازمین کی تعداد 60 فی صد تک بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔اس حکم پر اتوار 30 مئی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

اماراتی حکام نے گذشتہ بدھ کو یہ اعلان کیا تھا کہ کووِڈ-19 کی ویکسین لگانے والے افراد اور پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ کے حاملین کو 6 جون سے منعقد ہونے والے پروگراموں میں شرکت کی اجازت ہو گی۔