متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے مزید 15 کیسوں کی تصدیق

Corona Virus

Corona Virus

دبئی (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے مزید 15 مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ یو اے ای کی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے 15 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد ملک میں کرونا کے کل متاثرین کی تعداد 45 ہوگئی ہے۔

گذشتہ روز کرونا وائرس کے سامنے آنے والے مریضوں میں 38 سالہ ایک چینی باشندہ شامل ہے جب کہ ایک 10 سالہ بچے میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اماراتی وزارت صحت نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹنگ کے ذریعے وائرس کے 13 نئے واقعات کا پتہ لگایا ہے۔ ان میں تھائی لینڈ، چین، مراکش، ہندوستان، سعودی عرب، ایتھوپیا، ایران، اور امارات سے تعلق رکھنے والے 3 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی تھی۔

وزارت صحت نے اس بات پر زور دیا کہ چین میں اس وائرس کے وجود میں آنے کے بعد سے مملکت میں حکومت اور تمام ادارے اس وائرس کا پتا چلانے اور اس کی روک تھام کے لیے سرگرم ہوگئی ہیں۔ شہریوں کی حفاظت کے لیے کے لیے اعلی ترین طبی معیارات کے مطابق حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

متاثرین کو دوسرے شہریوں سے الگ تھلگ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت کی طرف سے وضع کردہ طریقہ کار اور صحت کےمعیار پرعمل درآمد کیا جا رہا ہے تاکہ کرونا سمیت کوئی دوسری متعدی بیماری نہ پھیل سکے۔