یونیو کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس ترکی کے شہر استنبول میں منعقد ہوا

Meeting

Meeting

اسلام آباد (پریس ریلیز) دنیا بھر کی مسلمان سماجی تنظیموں کی نمائندہ تنطیم دی یونین آف این جی اوز آف دی اسلامک ورلڈ (یونیو)کی ایگزیکٹو باڈی کاستائیسواں اجلاس ترکی کے شہر استنبول میں منعقدہوا ۔ اجلاس کی صدارت یونیو کے سیکرٹری جنرل علی کرت نے کی جبکہ الخدمت فاوَنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکورنے بطور ڈپٹی سیکرٹری جنرل یونیوشرکت کی ۔ اس کے علاوہ اجلاس میں یونیو کی دنیا بھر میں ممبرمسلم سماجی تنظیموں کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے پہلے روز اراکین نے ینگ یونیو کی نوجوانوں کے لئے جاری کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور مسلم امہ کو درپیش مسائل کے پیش نظر ا س کو مزید تیز کرنے پر زور دیا۔ اس حوالے سے گزشتہ سال پاکستان میں ینگ یونیو اور الخدمت فاوَنڈیشن کے زیرِ اہتمام چودہویں بین الاقوامی یوتھ گیدرنگ کے انعقاد کوسراہا گیا ۔ اس سلسلے کی پندرہویں یوتھ گیدرنگ اگلے سال استنبول (ترکی) یا جکارتہ( انڈونیشیا) میں منعقد کروانے کے حوالے سے بھی پلان پیش کیا گیا۔ جس میں دنیا بھر سے مسلم نوجوانوں خصوصا یورپی ممالک میں بسنے والے مسلم نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا ۔ جس کا مقصدنوجوانوں کو اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینے کے لئے اپنا ایک فعال کردار ادا کرنے کی جانب راغب کرنا ہے۔

ینگ یونیو کے صدر سردار بیرام نے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن بھی دی ۔ اس کے علاوہ دنیا بھر میں عین اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خواتین کے کردار اور حقوق کو درست سمت میں اجاگر کرنے اور اس حوالے سے مغربی پراپیگنڈا کا موَثر جواب دینے کےلئے اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ۔ اور کہا گیا کہ یو این اوکی یوین او کی ممبر شپ حاصل کرنے اور اس کے زیرِ اہتمام کے خواتین کے بارے پروگرامات میں شرکت کو یقینی بنانے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

اراکین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کشمیر کے مسئلے پر این جی او سیکٹر کو بھی اپنا موَثر کردار اداکرنا چاہیئے ۔ لہذا اس حوالے سے رواں سال کشمیر کے حوالے سے استنبول میں عالمی کانفرنس کا پلان بھی ایجنڈے کا حصہ تھا ۔ اس کے علاوہ روہنگیا میں جاری ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اس کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔