ڈبلیو ایچ او کرونا وائرس سے متعلق ڈیٹا کے شراکتی تبادلے کے لیے عالمی پلیٹ فارم بنائے گا

 Dr Tedros Adhanom Ghebreyesus

Dr Tedros Adhanom Ghebreyesus

جنیوا (اصل میڈیا ڈیسک) عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے آیندہ ہفتوں کے دوران میں کرونا وائرس سے متعلق سائنسی معلومات ، ڈیٹا اور موجودہ آلات صحت سے متعلق حقوق دانش کے تبادلے کے لیے ایک نیا عالمی پلیٹ فارم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ کرونا کے خلاف جنگ آزما ممالک کی مدد کی جا سکے۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل تیدروس ادانوم غیبریوسس نے جنیوا میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ عالمی ادارے نے کوسٹا ریکا کے صدر کی کووِڈ-19 کے علاج کے لیے ویکسین ،ادویہ اور آلات سے متعلق ڈیٹا بیس کے قیام کے لیے تجویز منظور کرلی ہے۔اس کے مطابق ایک ڈیٹابیس قائم کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ ’’ان آلات سے کووِڈ-19 پر قابو پانے کے لیے امید کو تقویت ملے گی لیکن اگر ہم ان وسائل تک مساویانہ رسائی کو یقینی نہیں بناتے ہیں تو ان سے اس وَبا کا بھی خاتمہ نہیں ہوگا۔ان غیر معمولی حالات میں ہمیں سائنس کو پوری قوت کے ساتھ بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ہمیں قابل رسائی ، قابل استعمال اور ہر جگہ بیک وقت ہر کسی کے لیے دستیاب ہونے والی سُودمند ایجادات مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

ادانوم تیدروس نے کہا ہے کہ اس وقت صحت پرسرمایہ کاری نہ صرف درست اقدام ہے بلکہ کام کرنےکی ایک اسمارٹ چیز بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران میں دنیا بھر میں ہم نے یہ ملاحظہ کیا ہے کہ ممالک ایک جامع حکمت عملی کا نفاذ کرکے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روک سکتے ہیں اوراس سے لوگوں پر بھی کم سے کم اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ عالمی صحت اسمبلی کے تہترویں اجلاس کے موقع پر وبا سے بچاؤ اور کنٹرول سے متعلق تجربات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔سوموار کوہونے والے اس ورچوئل اجلاس میں رکن ممالک کے نمایندے شرکت کریں گے۔