انتظار کی گھڑیاں ختم ، روزنامہ دنیا آپ کی دہلیز پر

Newspapers

Newspapers

انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں، دنیا گروپ کا میڈیا کی دنیا میں ایک اور انقلابی قدم ”روزنامہ دنیا” کی لاہور سے باقاعدہ اشاعت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اخبار فروشوں اور عوام نے ”روزنامہ دنیا” کی اشاعت کا خیرمقدم کیا ہے۔روزنامہ دنیا کی لاہور سے باقاعدہ اشاعت کے بعد شہریوں کے پاس پہنچ گیا ہے۔ عوام کو سچ اور حقائق پر مبنی خبریں دہلیز پر میسر ہوگئی ہیں۔ دنیا گروپ نے اس سفر کا آغاز میڈیا کو ایک نئی جہت دینے کے خواب سے شروع کیا۔ ایک خواب جو خبر کی دنیا میں انقلاب برپا کرنا چاہتا تھا، اور یہ خواب آج ایک حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ ایک عام آدمی تبدیلی لا سکتا ہے اور معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکتا ہے۔

اشاعت کے فورا بعد اخبار فروشوں نے ‘روزنامہ دنیا ‘کو ہاتھوں ہاتھ لیا۔ ایڈیٹر انچیف میاں عامر محمود نے اخبار فروش مارکیٹ میں اخبار فروشوں کے ساتھ کیک کاٹا۔ اس موقع پر دنیا نیوز کے پروگرام ‘حسب حال’ کے ہردلعزیز عزیزی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اسٹالز پر خریداروں کا جوش و خروش بھی دیدنی تھا۔ اخبار فروشوں اور شہریوں نے روزنامہ دنیا کو بہترین اخبار قرار دیا۔ اخبار فروشوں نے “روزنامہ دنیا” کو موجودہ حالات میں وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

‘روزنامہ دنیا’ نہ صرف عوامی مسائل کی نشاندھی کرتا ہے بلکہ ان کا حل بھی پیش کرتا ہے۔ جبکہ اس میں پیش کئے جانے والے بے لاگ اور بے باک تبصرے، تجزیے، کالم اور مضامین ملکی اور بین الاقوامی امور کا احاطہ کرتے ہیں۔ ‘روزنامہ دنیا’ کی ملک بھر سے اشاعت بھی بہت جلد شروع ہوگی۔