ایٹمی حق تسلیم کرنے پر ہی مذاکرات نتیجہ خیز ہو سکتے ہیں، ایران

Ali akbar walaity

Ali akbar walaity

تہران : (جیو ڈیسک) ایران نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کی جانب سے ایٹمی حق کو تسلیم کرنے کی صورت میں رواں ماہ ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہو سکتے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر علی اکبرولایتی نے بتایا کہ ایران ایٹمی عدم پھیلاؤ کے سمجھوتے کا رکن ہونے کی حیثیت سے ایٹمی ایندھن بنانے کا حق رکھتا ہے اور اگر عالمی برادری ایران کے اس حق کو تسلیم کرلے تو اس مہینے کی 18 اور19 تاریخ کو ماسکو میں ایران اور چھ بڑی طاقتوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوسکتے ہیں ۔

علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو پرامن مقاصد کے لئے ایٹمی توانائی کے استعمال کے ایرانی حق کو تسلیم کرنا ہوگا۔ دوسری جانب واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا ہے کہ امریکہ ایٹمی عدم پھیلا کے سمجھوتے کا رکن ہونے کی حیثیت سے ایران کے ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کے حق کو تسلیم کرتا ہے تاہم یہ بین الاقوامی ایٹمی ذمہ داریوں کے مطابق ہونا چاہئے۔