جکارتہ : امریکی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ، پولیس سے جھڑپیں

protest

protest

جکارتہ(جیوڈیسک)اسلام مخالف فلم کے خلاف انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں امریکی سفارت خانے کے باہر مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں، مظاہرین نے پٹرول بم پھینکے اور امریکہ مخالف نعرے لگائے۔

ذرائع کے مطابق مظاہرین سے نمٹنے کیلئے پولیس کے سینکڑوں اہلکار اور دو بکتر بند گاڑیاں سفارت خانے کی حفاظت پر تعینات کی گئی ہیں جن کے ساتھ واٹر کینن اور فائر انجن کی گاڑیاں بھی موجود ہیں۔ پولیس مظاہرین کو سفارت خانے سے دور رکھنے کے لئے انہیں کھینچتے ہوئے لے گئی اور پٹرول بموں کے باعث گہرے سیاہ بادل فضا میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ ایک پولیس اہلکار جس کے چہرے سے خون بہہ رہا تھا کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال لے جایا گیا۔ جکارتہ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پتھر لگنے سے پولیس فورس کا ایک رکن زخمی ہوا ہے اور ہم اس وقت نہیں بتا سکتے کہ کتنے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ہم نے آنسو گیس، تیز دھار پانی اور ہوائی فائرنگ کی ہے جو اس قسم کے پرتشدد احتجاج سے نمٹنے کے لئے ایک میعاری طریقہ کار ہے تاہم اس نے یہ نہیں بتایا کہ پولیس ایمونیشن کا استعمال کر رہی ہے یا نہیں۔ اس سے قبل شمالی سماٹرا صوبے کے علاقے میدان میں طالب علموں نے امریکی پرچم کو روند ڈالا اور امریکی سفارت مشن پر انڈے پھینکے۔