مارچ سے مالی سے فوجی انخلا شروع ہو جائے گا: فرانسیسی وزیر خارجہ

French Military

French Military

پیرس(جیوڈیسک) فرانس کے وزیر خارجہ لارینٹ فیبیوس نے کہا ہے کہ اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق گیا تو مارچ کے آغاز سے ان کا ملک مالی سے فوجیوں کا انخلا شروع کر دے گا۔

فیبیوس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ 4000 کے قریب فرانسیسی فوجی اس وقت مالی میں جنگجوئوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ فیبیوس کا کہنا تھا کہ فرانس مالی میں مستقبل بنیادوں پر موجود نہیں رہنا چاہتا۔ یہ افریقیوں اور مالی کے عوام پر خود منحصر ہے کہ کسے ان کی سلامتی، علاقائی سالمیت اور ملک کی خود مختاری کی ضمانت دینی چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم آہستہ آہستہ بٹن مالی کے لئے افریقین فوجی مشن کو تھمانے جا رہے ہیں۔ ہم خود شمال میں کارروائیاں جاری رکھیں گے جہاں دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانے ابھی بھی موجود ہیں۔

فیبیوس نے آپریشن کے پہلے مرحلے کو انتہائی موثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں دہشتگردوں کی پیشقدمی کو روکا گیا اور شمال میں ان کے زیر کنٹرول علاقے واپس لے لئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروش دہشتگرد گروپوں کو روک دیا گیا ہے تاہم ہمیں مالی میں موجود رہنا ہوگا کیونکہ ہمسایہ ممالک میں ابھی تک خطرات موجود ہیں۔

واضع رہے کہ فرانس نے 11 جنوری کو مالی میں فوجی مداخلت کرتے ہوئے باغیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا جو دارالحکومت کی طرف سے پیش قدمی کر رہے تھے۔