پشاور : جنازے کے دوران دھماکا،10 افراد جاں بحق

peshawar

peshawar

پشاور : (جیو ڈیسک)پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں نماز جنازہ کے دوران دھماکے میں دس افراد جاں بحق اور انتیس سے زائد زخمی ہوگئے نماز جنازہ میں ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی خوشدل خان بھی شریک تھے،تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

بڈھ بیر میں امن لشکر کے اہلکار امداد خان کی اہلیہ کی نمازجنازہ کی ادا کی جارہی تھی جس میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد شریک تھے کہ اچانک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں دس افراد جاں بحق اور انتیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد علاقے کے رہائشی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں اور امن لشکر کے اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے، انتظامیہ نے جائے وقوعہ پرتحقیقات شروع کردی ہیں، تاکہ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔