پنڈی خودکش حملہ : جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہوگئی، تحقیقات شروع

Rawalpindi Suicide Attack

Rawalpindi Suicide Attack

راولپنڈی(جیوڈیسک)راولپنڈی خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہوگئی۔ تحقیقاتی ٹیموں نے مبینہ خودکش بمبار کا سر اور فنگر پرنٹس حاصل کرلیے۔راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ میں محرم کے جلوس میں دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی گئی۔

ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنے کے لییجگہ کو سیل کردیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے 36 افراد سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پانچ زخمی بے نظیر ہسپتال اور سات زخمی ہولی فیملی ہسپتال داخل ہیں۔تحقیقاتی ٹیموں نے عینی شاہدین کے بیان بھی قلمبند کرلیے۔خودکش دھماکے کا مقدمہ تھانہ ریس کورس میں درج کیا جائیگا۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کو جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کے کچھ اعضا ملے ہیں جن سے فنگر پرنٹس حاصل کرلیے گئے۔ دھماکے میں جاں بحق افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آج 2 بجے ڈھوک سیداں میں ادا کی جائے گی۔